انوارالعلوم (جلد 17)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 45 of 695

انوارالعلوم (جلد 17) — Page 45

انوار العلوم جلد ۱۷ ۴۵ بعض اہم اور ضروری امور (۱۹۴۳) نوکر کو کوئی سو دالانے کیلئے اٹھنی دی۔وہ سودا لے آیا اور ساتھ اُٹھنی بھی لے آیا۔آپ نے اُس سے پوچھا تم نے یہ کیا کیا ؟ کہنے لگا جب دُکاندار کوئی چیز لینے اندر گیا تو میں نے اٹھنی اُٹھالی اور چونکہ وہ کراڑ تھا اس لئے میرے لئے اُس کا مال لے لینا جائز تھا۔انصاف کے معاملہ میں یہ کہنا کہ فلاں غیر احمدی ہے ایسی ہی بات ہے جیسی اس نوکر نے کی۔بے شک اُس نے یہ جھوٹ بولا کہ اپنے آپ کو احمدی کہا یہ اُس کی کمزوری تھی اُس نے سمجھا اگر میں ان سے یہ کہوں گا کہ میں غیر احمدی ہوں تو وہ کہیں گے تمہارا مال لے لینا ہمارے لئے جائز ہے اس ڈر سے اُس نے جھوٹ بولا مگر میں کہتا ہوں اگر وہ دس ہزار دفعہ بھی خدا اور اُس کے رسول کا انکار کرتا ہو تو بھی فتویٰ یہی دیا جاتا کہ جو تیرا حق ہے وہ تجھے ملنا چاہئے۔پس مجھے تعجب ہے اُن احمدیوں پر جنہوں نے مجھے لکھا کہ اس شخص نے اپنے آپ کو احمدی کہہ کر آپ کو دھوکا دیا ہے وہ دراصل غیر احمدی ہے۔ہماری جماعت کے لوگوں کو چاہئے کہ اس قسم کی باتوں سے بچیں۔خواہ قانون کوئی چیز دلا دے جب تک اسلام اسے جائز نہ قرار دے وہ جائز نہیں ہوسکتی۔باپ کی فروخت کی ہوئی زمین اُسی صورت میں لینی جائز ہو سکتی ہے جب باپ بیٹے کا دشمن ہو اور اسے نقصان پہنچانے کیلئے جائدادفر وخت کرے۔ایسی حالت میں بھی بیٹے کی سعادت مندی یہی ہے کہ اُس جائداد کو چھوڑ دے۔لیکن اگر چھوڑ دینا اُس کے بس کی بات نہ ہو تو حاصل کر سکتا ہے ورنہ جو کام باپ نے کیا خواہ دشمنی سے ہی کیا بیٹا اگر اس میں باپ کا مقابلہ کرتا ہے تو وہ نا خلف ہے اور قصور وار ہے۔اسی طرح ایک قانون اراضی ہے جس کے متعلق بہت گڑ بڑ پڑی ہوئی ہے۔اگر تو کسی نے زمین قرضہ کے سود میں لوٹی ہو تو اُس سے زمین واپس لے لینا جائز ہے لیکن اگر کسی نے بیچی ہے اور قیمت وصول کی ہوئی ہے تو اُس کا اِس طرح واپس لینا جائز نہیں ہے۔مجھے ایک شخص کے متعلق بتایا گیا جسے ہم اخلاقی طور پر مجرم قرار دے چکے ہیں کہ اُسے کسی نے کہا تم اپنی فروخت شدہ زمین واپس لے سکتے ہو تو اُس نے کہا میں ایسا بے شرم نہیں ہوں کہ بیچی ہوئی زمین واپس لے لوں۔اس سے مجھے بہت خوشی ہوئی۔پس بیچی ہوئی چیز واپس نہیں لینی چاہئے خواہ حکومت کا قانون اُسے دلائے۔حکومت نے یہ تو نہیں کہا کہ جو بیچی ہوئی زمین نہ لے گا اُس کو اتنی سزا دی جائے گی تو اس قانون کے ذریعہ زمین واپس لینا بھی جائز نہیں ہے۔