انوارالعلوم (جلد 13) — Page 401
401 انوار العلوم جلد ۱۳ حالات حاضرہ کے متعلق جماعت احمدیہ کو اہم ہدایات ۱۹ مارے جانے پر ساری دنیا میں تم نے ہمیں بدنام کر دیا نہ کہ تم کو۔غرض ہماری قربانیوں کو کسی کھاتے میں شمار نہیں کیا جاتا لیکن یاد رکھو قربانی کرتے کرتے ایک وقت آ جاتا ہے جب مومن سمجھنے لگتے ہیں کہ اب ہم تباہ ہونے لگے۔جب یہ وقت آتا ہے سبھی کامیابی حاصل ہوتی ہے۔کیا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم دشمنوں کی ایذاء رسانیوں سے بچنے کے لئے مکہ اور مدینہ میں دعائیں نہ کرتے تھے مگر ان کی قبولیت میں دیر ہوتی رہی لیکن بدر کے موقع پر آپ نے جو دعا کی وہ فوراً قبول ہوگئی۔اُس وقت رسول کریم ﷺ نے ایک طرف مسلمانوں کو دیکھا اور دوسری طرف کفار کو اور سمجھا اب ظاہری طاقت اور ظاہری سامان کے ذریعہ مسلمان بچ نہیں سکتے اب مسلمانوں کی تباہی یقینی نظر آتی ہے۔اُس وقت آپ کے منہ سے یہ دعا نکل گئی۔اَللَّهُمَّ اِنْ أَهْلَكْتَ هَذِهِ الْعِصَابَةَ فَلَنْ تُعْبَدَ فِى الْاَرْضِ اَبَداً الہی ! اگر آج یہ مسلمانوں کا چھوٹا سا گر وہ مارا گیا تو پھر دنیا میں تیرا نام لینے والا کوئی باقی نہ رہے گا۔تب خدا تعالیٰ کی غیرت جوش میں آئی اور وہ کفار جنہیں چودہ سال کی شرارتوں اور مخالفتوں کی سزا نہ ملی تھی، جھٹ پٹ مارے گئے۔گویا اُن کو مارنے کے لئے آسمان سے فرشتے اُترے۔یہی دعا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام پر بھی الہام کی گئی ہے۔جس سے یہ مراد ہے کہ اے اللہ ! یہ بے کس جماعت ہے اور یہی تیرا نام لینے والی ہے یہ اگر تباہ ہو گئی تو اور کوئی تیرا نام لیوا نہ رہے گا۔اس سے پتہ لگتا ہے ایک زمانہ جماعت احمدیہ پر ایسا آنے والا ہے جبکہ اس کی وہی حالت ہوگی جو بدر میں مسلمانوں کی تھی۔ہم بے ہتھیار ہوں گے اور دشمن با ہتھیار ہم تھوڑے ہونگے اور وہ بہت زیادہ ہم بے کس و بے بس ہوں گے اور دشمن کو ہر طرح کی شوکت میسر ہو گی، اُس وقت خدا تعالیٰ کا خاص نشان ظاہر ہو گا مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے آپ کو اس مقام پر پہنچا دیں کہ ہمارے مٹنے سے خدا تعالیٰ کا نام لینے والے اور خدا تعالیٰ کی عبادت کرنے والے مٹ جائیں۔گویا ہماری عبادتیں دوسروں کی عبادتوں سے بالکل ممتاز ہوں، ہماری قربانیاں دوسروں کی قربانیوں سے ممتاز ہوں ہمارے قلوب میں وہ اخلاص اور خدا تعالیٰ کے عشق کی وہ آگ ہو کہ اگر اسے بجھا دیا گیا تو پھر دنیا میں وہ نہ مل سکے۔یہ چیز اپنے اندر پیدا کر لو اور پھر دیکھو خدا تعالیٰ تمہارے لئے کیا نشان دکھاتا ہے۔اے دوستو اور اے عزیز و! یا درکھو۔ابتلاء پر ابتلاء آ ئیں گے، مصیبت پر مصیبت آئے گی تم جب تک چور چور ہو کر خدا تعالیٰ کے آگے اپنے آپ کو نہ ڈال دو اور دشمن جب تک تمہیں کچلنے