انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 419 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 419

۴۱۹ بات ہوئی- پھر میں وہاں سے بھاگ آیا- جس مجلس میں اس نے یہ بات سنائی- اسی میں ایک معزز غیر احمدی بیٹھے تھے- انہوں نے کہا- یہ شخص بڑا ہی جھوٹا ہے- میں خود قادیان سے ہو آیا ہوں- اور یہ وہاں گیا ہی نہیں- وہاں تو یکہ چلنا بھی مشکل ہے- فٹن اس کا باپ وہاں لے گیاتھا؟ اسی طرح وہ لوگ کرتے- کلام سنتے اور پھر کچھ کا کچھ جا کر دوسروں سے بیان کرتے- اس بات کا ثبوت کہ یہ انہی کے متعلق ہے یہ ہے کہ اگلی آیت میں آتا ہے- و اذا لقوا الذین امنوا قالوا امنا واذا خلا بعضھم الی بعض قالوا اتحدثونھم بما فتح اللہ علیکم لیحاجو کم بہ عند ربکم افلا تعقلون ۳؎وہ مسلمانوں کے پاس آکر کہتے ہیں ہم تو ایمان لے آئے- اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تحریف کرنے والے بھی رسول کریمﷺ کے زمانہ کے لوگ تھے جو قرآن سن کر دوسروں کے سامنے جھوٹ بولتے اور کہتے کہ اس نے یوں کہا ہے- ووں کہا ہے- پھر اس جگہ فرماتا ہے- یسمعون کلام اللہ کلام اللہ سنتے ہیں- مگر یہودی کوئی کتاب نہیں سنتے تھے بلکہ پڑھتے تھے- اور اس میں فقرے داخل کرنے والا سن کر نہیں بلکہ پڑھ کر داخل کر سکتا ہے- اگر بائیبل مراد ہوتی تو یقرون آتا- کیونکہ بائیبل تو وہ لوگ پڑھا کرتے تھے- پس یہاں تورات کا نہیں بلکہ قرآن کا ذکر ہے- اور مراد یہ ہے کہ مسلمانوں سے سن کر اور سمجھ کر ایسے رنگ میں بیان کرتے ہیں کہ لوگ مخالفت میں بڑھیں- تیسری آیت سورۃ فتح رکوع۲ کی ہے- اللہ تعالیٰ فرماتا ہے- سیقول المخلفون اذاانطلقتم الی مغانم لتاخذوھا ذرونا نتبعکم یریدون ان یبدلوا کلام اللہ ۴؎فرمایا- وہ لوگ جن کو پیچھے چھوڑا گیا ہے- جب تم جنگ کو جاتے ہو- اور وہ سمجھتے ہیں کہ فتوحات حاصل ہونگی اور غنیمتیں ملیں گی- تو کہتے ہیں- ہمیں بھی ساتھ لے چلو وہ چاہتے ہیں کہ اس طرح خدا کے کلام کو بدل دیں- اگر تم ان کو ساتھ لے جاؤ گے تو وہ کہیں گے دیکھو انہوں نے خدا کے کلام کو بدل دیا ہے- جس میں کہا گیا تھا کہ یہ نہیں جائیں گے- اور اگر نہ لے جاؤ گے تو کہیں گے یہ حریص ہیں- سب کچھ خود ہی حاصل کرنا چاہتے ہیں- غرض قرآن میں کلام اللہ کا لفظ تین جگہ آیا ہے- اور تینوں جگہ قرآن کریم کے متعلق ہی استعمال ہوا ہے- کسی اور کتاب کے متعلق نہیں- اس لئے عقلاً یہی کہا جائے گا کہ قرآن ہی کلام اللہ ہے- اور ہمارا کوئی حق نہیں کہ ہم بلا دلیل یہ خیال کریں کہ قرآن کریم