انوارالعلوم (جلد 12) — Page 156
۱۵۶ برادران ِکشمیر کے نام پیغامات اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ - ھوالناصر برادرانِ کشمیر کے نام پہلا پیغام برادران! السلام علیکم و رحمہ اللہ وبرکاتہ ریاست کشمیر میں جو حالات پیدا ہو رہے ہیں‘ ان کو پڑھ کر ہر مسلمان کا دل دکھ رہا ہے اور ہر اک شخص کا دل ہمدردی سے آپ کی طرف کھنچا جا رہا ہے اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم لوگوں کی طاقت میں جو کچھ بھی ہے اس سے دریغ نہیں کریں گے اور اگر آپ کو تکالیف سے بچانے کے لئے سو سال بھی کوشش کرنی پڑے تو انشاء اللہ وفاداری اور نیک نیتی سے اس کو جاری رکھیں گے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم امید کرتے ہیں کہ صورت حالات جلد بہتر ہو جائے گی کیونکہ ایسے سامان پیدا ہو رہے ہیں اور خدا تعالیٰ زبردست دوست ہمیں عنایت کر رہا ہے- برادران! اس موقع پر آپ کو ایک نصیحت کرتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ ظلم کی شدت کے وقت انسان آپے سے باہر ہو جاتا ہے لیکن کامیابی کا گر صبر ہے- صبر انسان کی طاقت کو بڑھا دیتا ہے اس کی قابلیت کو ترقی دیتا ہے- خدا تعالیٰ رسول کریم ﷺ کو پہلے دن ہی فتح بخش سکتا تھا لیکن اس نے تیرہ سال آپ کو اہل مکہ کے ظلموں تلے اسی وجہ سے رکھا کہ وہ چاہتا تھا کہ مسلمانوں میں حکومت کرنے کی قابلیت پیدا ہو جائے- اس میں شک نہیں کہ آپ مدتوں سے مظلوم ہیں لیکن حق یہ ہے کہ پہلے آپ کے دل میں آزادی کا خیال ہی پیدا نہ تھا اس لئے اس