انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 480 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 480

۴۸۰ ہمیں فوجی سکیم اس امر کو مدنظر رکھ کر بنانی چاہئے- میرے نزدیک سیکرٹری کے علاوہ ہمیں کچھ عرصہ کے بعد ایک ملٹری کمیٹی بھی مقرر کر دینی چاہئے جس میں کچھ والیان ریاست ہوں اور کچھ ہندوستانی جو فوجی تجربہ رکھتے ہوں اور شرط کر دی جائے کہ فوجی بجٹ وغیرہ ان کی منظوری کے بعد اسمبلی میں پیش ہو- اس قسم کی کمیٹی فوراً نہیں بن سکتی کیونکہ گو تجربہ کار والیان ریاست فوراً مل سکتے ہیں لیکن تجربہ کار فوجی افسر اس وقت نہیں مل سکتے- لیکن آٹھ دس سال کے عرصہ تک جب موجودہ فوجی افسر تجربہ حاصل کر لیں گے ان سے کام لیا جا سکتا ہے کیونکہ اگر مسٹرونسٹن چرچل (SIR WINSTON CHURCHILL) تھوڑے سے تجربہ کے بعد وزیر جنگ ہو سکتے ہیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہندوستان کے نوجوان پندرہ بیس سال کی جنگی خدمت کے بعد فوجی ضروریات کے متعلق ہمیں مشورہ نہ دے سکیں-