انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 435 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 435

۴۳۵ کیونکہ یہ کام صوبہ جاتی اور مرکزی حکومتوں کے باہم طے کرنے کا ہے- لیکن میں اس امر کے متعلق اپنی رائے بوضاحت ظاہر کرنی چاہتا ہوں کہ فیڈرل اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ جاتی ملازمتوں اور مرکزی ملازمتوں کا الگ کیا جانا ضروری ہے- ہاں اس امر سے کوئی نہیں روک سکتا کہ بغیر اس کے کہ ان دونوں قسم کی ملازمتوں کو ایک سمجھا جائے، کسی وقت کسی خاص افسر کی خدمات گورنمنٹ آف انڈیا کسی صوبہ سے مستعار لے لے کیونکہ کلی طور پر آزاد حکومتیں بھی دوسری حکومتوں سے بعض افسر اس طرح مستعار طور پر لے لیتی ہیں- میں یہ بھی واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہر صوبہ کی ملازمتوں کی بھرتی کو اسی صوبہ کے انتظام کے نیچے لانے سے میرا یہ مطلب نہیں کہ بھرتی انگلستان میں نہ ہو کیونکہ کوئی اسے مانے یا نہ مانے میرا یہ یقین ہے کہ ابھی کافی عرصہ تک انگریز افسروں کی ہندوستان کو ضرورت ہے- میرا مطلب صرف یہ ہے کہ گورنمنٹ آف انڈیا کے لئے سیکرٹری آف سٹیٹ (SECRETARY OF STATE) بھرتی نہ کیا کرے بلکہ جس قدر انگریز افسروں کی بھرتی ضروری سمجھی جائے، اس قدر بھرتی ہر اک صوبہ کا گورنر وزیر ہند کی معرفت یا ہندوستان کے ہائی کمشنر کی معرفت خاص اس صوبہ کے لئے کرے اور بھرتی شدہ افسر خاص اس صوبہ کے ملازم سمجھے جائیں- ہاں وہ صوبہ اسی طرح وزیر ہند کی معرفت ان کے حقوق ادا کرنے کا ذمہ وار ہو جس طرح اب حکومت ہند اس کی ذمہ وار ہوتی ہے اور چونکہ ان افسروں کی تسلی اور اطمینان پر صوبہ جات کی ترقی کا بہت کچھ دارو مدار ہوگا اس لئے میرے نزدیک اس امر کا پورا انتظام ہونا چاہئے کہ ان کی تنخواہوں اور درجوں کا معیار نہایت سختی کے ساتھ محفوظ رکھا جائے او راس تغیر سے انہیں کسی قسم کا نقصان نہ پہنچنے پائے- اس باب سے تو اس کا چنداں تعلق نہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس امر کو اور کسی جگہ پر بیان کرنے کا موقع نہیں ملے گا کہ اگر ہندوستان کو برطانوی امپائر (EMPIRE) کا حصہ رکھنا ہے (اور کم سے کم میں تو اسے ایسا ضروری سمجھتا ہوں کہ اگر اس سوال پر اختلاف ہو تو میں شدید ترین سیاسی اتحاد کو بھی اس کی تائید میں توڑنے کے لئے تیار ہوں) تو پھر انگریزی عنصر کا کسی نہ کسی صورت میں ایک لمبے عرصہ تک اس ملک میں قائم رکھنا ضروری ہے- اس وقت تک جو برطانوی نو آبادیات ہیں، وہ یا تو کلی طور پر انگریزی نسل سے آباد ہیں جیسے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ یا پھر جزوی طور پر انگریزی نسل سے آباد ہیں- جیسے کینیڈا اور ساؤتھ افریقہ- اور