انوارالعلوم (جلد 10) — Page 420
۴۲۰ سب سے بڑی دو بحری حکومتوں کے بیڑوں سے بڑا بیڑا بناتی تھی- لیکن آج اس وسیع حکومت کو ریاستہائے متحدہ کے مقابلہ سے پیچھے ہٹنا پڑا ہے- اور کل ہی کی بات ہے کہ ایک لیبر لیڈر نے تقریر میں کہا کہ کیا کوئی حکومت پاگل ہوئی ہے کہ خواہ مخواہ ریاستہائے متحدہ کو ناراض کر کے اپنے آپ کو مشکلات میں ڈال لیگی- پس باوجود اس کامیاب تجربہ کے کس طرح کہا جا سکتا ہے کہ فیڈرل حکومت سے گورنمنٹ طاقت نہیں پاتی- ریاستہائے متحدہ کے علاوہ جنوبی افریقہ، آسڑیلیا اور سوئٹزرلینڈ میں بھی اسی قسم کی حکومت ہے- گو آسڑیلیا اور ساؤتھ افریقہ کی حکومتوں پر انگریزی طرز حکومت کا اثر پڑا ہے اور سوئٹزرلینڈ نے ملک کے چھوٹا ہونے کے سبب سے بعض ایسے قوانین بنائے ہیں کہ وسیع ملک میں ان پر عمل نہیں ہو سکتا- مگر بہر حال یہ حکومتیں فیڈرل اصول پر ہیں اور کامیاب طور پر چل رہی ہیں- ان کے علاوہ ایک اور نئی حکومت ہے یعنی زیکوسلویکا جس میں نئی قسم کا تجربہ کیا گیا ہے- یعنی سارے ملک میں تو فیڈریشن نہیں ہے- لیکن روتھینیا کے علاقہ کو ان لوگوں کے خوف کی وجہ سے کامل خود اختیاری حکومت دیدی گئی ہے جس کو کبھی مٹا نہ سکنے کا عہد زیکوسلویکا نے کیا ہے- مسلمانوں کو کوئی اعتراض نہیں ہو سکتا اگر اسی طریق پر ہندو راضی ہو جائیں یعنی پانچوں مسلم صوبے فیڈریشن کے اصول پر ہندوستان سے ملحق رہیں- اور ہندو صوبے مضبوط مرکزیحکومت کے ماتحت رہیں- اور جس طرح روتھینیا والوں نے یہ اقرار کیا تھا کہ وہ ان معاملات میں مرکزیپارلیمنٹ میں دوسرے صوبوں کے متعلق رائے نہ دیں گے جن امور میں کہ ان کے صوبے میں مرکزی حکومت دخل نہیں دیتی- (مگر زیکوسلویکا نے ان کے اس اقرار کے باوجود اپنے معاملات میں رائے دینے کا انہیں حق دیکر ایک بے نظیر وسعت حوصلہ کا ثبوت دیا ہے)- اسی طرح مسلمان بھی شوق سے یہ عہد کر لیں گے کہ جو اختیارات مسلم صوبہ جات اپنے لئے محفوظ رکھیں گے ان میں ان صوبہ جات کے نمائندے دوسرے صوبوں کے کاموں میں دخل نہ دیں گے- ہندوستان کی فیڈریشن کیسی ہو گو یہ موقع نہیں کہ میں اس امر کے متعلق کچھ بیان کروں کہ ہندوستان کی فیڈریشن کیسی ہو- لیکن چونکہ ممکن ہے بحث میں بعض نقائص کو لوگ پیش کریں- اس لئے میں یہ بھی کہہ دینا چاہتا ہوں کہ ہندوستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستان میں ریاستہائے متحدہ کا طریق زیادہ درست معلوم ہوتا ہے- کیونکہ وہ ملک بھی ہندوستان کی طرح وسیع ہے اور اس میں مختلف نسلیں اور