انوارالعلوم (جلد 10) — Page 332
۳۳۲ ۱- میں اور میرے احباب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خاتم النبین نہیں مانتے اس لئے ہمارا حق نہ تھا کہ ہم خاتم النبین کی تائید میں جلسے کرتے- ۲- مولوی صاحب کے عقیدہ کے مطابق عام مسلمان رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خاتم النبین مانتے ہیں اور آپ کے بعد کسی نبی کے قائل نہیں اس لئے ہمارا خاتم النبین کی تائید میں جلسوں کا اعلان کرنا دھوکا تھا اور ایک فریب تھا- جس سے ہمارا مقصد خاتم النبین ماننے والے غیر احمدی مسلمانوں کو دھوکا دینا تھا- میں اب یہ ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ مولوی صاحب اور ان کے احباب ان دونوں امور میں دیدہ و دانستہ غلط بیانی کے مرتکب ہوئے ہیں اور انہوں نے صرف لوگوں کو دکھانے کے لئے وہ باتیں شائع کی ہیں جو ان کے علم اور ان کے یقین کے خلاف ہیں- امر اول کے جواب میں میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خاتم النبین یقین کرتا ہوں اور اس پر میرا ایمان ہے- قرآن شریف کے ایک ایک شوشہ کو میں صحیح سمجھتا ہوں اور میرا یقین ہے کہ اس میں کسی قسم کا تغیر ناممکن ہے- جو لوگ قرآن شریف کو منسوخ قرار دیں یا اس کی تعلیم کو منسوخ قرار دیں میں انہیں کافر سمجھتا ہوں- میرے نزدیک رسولکریم صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبین ہیں جیسا کہ قرآن شریف میں لکھا ہے- اور جب سے میں نے ہوش سنبھالا ہے میرا یہی عقیدہ ہے اور انشاء اللہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے امید رکھتا ہوں کہ موت تک اس عقیدہ پر قائم رہوں گا اور اللہ تعالیٰ مجھے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خدام کے زمرہ میں کھڑا کرے گا- اور میں اس دعویٰ پر اللہ تعالیٰ کی غلیظ سے غلیظ قسم کھاتا ہوں اور اعلان کرتا ہوں کہ اگر میں دل میں یا ظاہر میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خاتم النبین ہونے کا منکر ہوں اور لوگوں کے دکھانے کے لئے اور انہیں دھوکا دینے کیلئے ختم نبوت پر ایمان ظاہر کرتا ہوں تو اللہ تعالیٰ کی لعنت مجھ پر اور میری اولاد پر ہو اور اللہ تعالیٰ اس کام کو جو میں نے شروع کیا ہوا ہے تباہ و برباد کر دے- میں یہ اعلان آج نہیں کرتا بلکہ ہمیشہ میں نے اس عقیدہ کا اعلان کیا ہے- اور سب سے بڑا ثبوت اس کا یہ ہے کہ میں بیعت کے وقت ہر مبائع سے اقرار لیتا ہوں کہ وہ رسولکریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خاتم النبین یقین کرے گا- مولوی محمد علی صاحب بھی میرے اس عقیدہ اور میرے اس فعل سے اچھی طرح واقف ہیں- باوجود اس کے مولوی صاحب کا اور ان کے رفقاء کا یہ شائع کرنا کہ میں ختم نبوت کا منکر ہوں تقویٰ اور دیانت کے خلاف فعل ہے اور