انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 266 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 266

۲۶۶ مسئلہ جاری ہو رہا ہے اور دنیا نے فیصلہ کر دیا ہے کہ طلاق کا جائز نہ ہونا بہت بڑا ظلم ہے- بلکہ امریکہ تو طلاق کے جواز میں اسلامی احکام سے بھی آگے نکل گیا ہے- کثرت ِازدواج باقی رہا بیویوں کے متعلق اعتراض- سو زیادہ بیویاں کرنا اپنی ذات میں تو قابل اعتراض فعل نہیں ہے- قابل اعتراض بات تو عیاشی ہے یعنی بعض عورتوں کی طرف ناجائز اور حد سے بڑھی ہوئی رغبت- عیاشی کے لوازمات عیاشی کے لئے یہ چیزیں ضرورت ہوتی ہیں-(۱) بڑا عیاش شراب کا دلدادہ ہوتا ہے- (۲) عمدہ کھانوں کا دلدادہ ہوتا ہے- (۳) عمدہ سامانوں کا دلدادہ ہوتا ہے- (۴) راگ و رنگ کا دلدادہ ہوتا ہے- (۵) باکرہ عورتوں کا دلدادہ ہوتا ہے- (۶) پہلے سے زیادہ حسین عورتوں کو تلاش کرتا ہے اور کم عمر عورتیں تلاش کرتا ہے- (۷) عورتوں کی خواہشوں کا پابند ہوتا ہے- (۸) عورتوں میں بے انصافی کرتا ہے- (۹) ان کی صحبت میں زیادہ وقت صرف کرتا ہے- عیاش کی علامتیں یہ عیاش کی علامتیں ہوتی ہیں- کوئی عیاش ایسا نہ ہوگا جو شراب کو ناپسند کرتا ہو- کیونکہ عیاشی کے لئے غم و فکر سے علیحدگی ضروری ہوتی ہے- اور چونکہ ہر انسان کو کوئی نہ کوئی غم لگا ہوتا ہے اس لئے شراب پی کر خود فراموشی حاصل کی جاتی ہے- پھر عیاش کو عمدہ کھانوں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ان کے ذریعہ شہوت بڑھے- پھر عیاش کو عمدہ سامانوں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ان کے ذریعہ شہوت کے خیالات پیدا ہوں- اس کے لئے یہ بھی ضرورت ہوتا ہے کہ راگ و رنگ ہو، گانا بجانا ہو تاکہ شہوانی خیالات کو طاقت حاصل ہو- پھر عیاش باکرہ عورتوں کا متلاشی ہوتا ہے- کبھی یہ نہ ہوگا کہ کوئی عیاش باکرہ عورتوں کو چھوڑ کر دوسری عورتیں پسند کرے- اور باکرہ عورتوں سے بھی وہ کم عمر عورتوں کو تلاش کرتا ہے- کیونکہ وہ کھیل تماشہ ہی چاہتا ہے اور یہ کم عمری میں زیادہ ہوتا ہے- اسی طرح طبعاً بھی جس قدر رغبت چھوٹی عمر کی عورتوں سے ہو سکتی ہے- بڑی عمر کی عورت سے نہیں ہو سکتی- دوسرے مطلقہ یا بیوہ عورت کے متعلق یہ بھی خطرہ ہوتا ہے کہ اس نے پہلے خاوند دیکھا ہوا ہے- ممکن ہے میں اس سے کمزور ہوں اور اس کی نظر میں میری سبکی ہو- پس وہ اس امتحان میں پڑنا نہیں چاہتا- پھر عیاش آدمی کی خواہش ہوتی ہے کہ ایک سے ایک بڑھ کر حسین عورت اس کے قبضہ میں آئے-