انوارالعلوم (جلد 10) — Page 119
۱۱۹ ہوتا ہے اور انبیاء اس کا ثبوت اس کی کامل صفات سے دیتے ہیں- حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام جس زمانہ میں مبعوث ہوئے اس وقت بھی خدا تعالیٰ دنیا کی نظروں سے مخفی ہو چکا تھا- اور ایسا مخفی ہو چکا تھا کہ حقیقی تعلق لوگوں کا اس سے بالکل نہ رہا تھا- خالق اور مالک کی حقیقت کا کوئی ثبوت نہ تھا بلکہ یہ صرف کتابوں میں لکھا رہ گیا تھا کہ خدا ہر ایک چیز کا خالق اور مالک ہے- جب مسلمانوں سے پوچھا جاتا کہ خدا کے خالق ہونے کا کیا ثبوت ہے؟ تو وہ کہتے قرآن میں لکھا ہے، یا کہتے کیا تم نہیں مانتے کہ خدا خالق ہے- اور اگر وہ خالق نہیں تو پھر اور کون ہے؟ ایسے زمانہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے خدا تعالیٰ کے ذکر کو جو حقیقت میں مٹ گیا تھا اس کی کامل صفات کے ذریعہ قائم کیا اور نشانات کے ذریعہ اس کی صفات کو ثابت کیا- میں نے ابھی بتایا تھا کہ نشان اپنی ذات میں کام نہیں ہوتا، ہاں نشان کا نتیجہ کام ہوتا ہے- اس وقت میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے نشانات پیش نہیں کر رہا بلکہ یہ بتا رہا ہوں کہ حضرت مرزا صاحب نے نشان دکھا کر خدا تعالیٰ کو کامل صفات کے ساتھ دنیا پر ظاہر کیا- مثلاً حضرت صاحب کا ایک الہام ہے جو ابتدائی زمانہ کا ہے کہ-: ’’دنیا میں ایک نذیر آیا پر دنیا نے اس کو قبول نہ کیا لیکن خدا اسے قبول کرے گا اور بڑے زور آور حملوں سے اس کی سچائی کو ظاہر کر دے گا‘‘- ۵؎ یہ الہام حضرت مرزا صاحب نے اس وقت شائع کیا جب کہ آپ کو یہاں کے لوگ بھی نہ جانتے تھے- میرے زمانہ میں ہمارے ایک رشتہ دار نے جو قریب کے گاؤں کے رہنے والے ہیں بیعت کی اور بتایا کہ میں یہاں آیا کرتا تھا- آپ کے گھر بھی آیا کرتا تھا لیکن حضرت مرزا صاحب کو نہ جانتا تھا- حضرت مرزا صاحب کے والد کو جانتا تھا- تو حضرت صاحب ایسے گمنام انسان تھے کہ رشتہ دار بھی آپ کو نہ جانتے تھے- قادیان کے لوگ آپ کے واقف نہ تھے- ایسے زمانہ میں آپ کو خدا تعالیٰ نے فرمایا-: ’’دنیا میں ایک نذیر آیا- پر دنیا نے اسے قبول نہ کیا- لیکن خدا اسے قبول کرے گا- اور بڑے زور آور حملوں سے اس کی سچائی ظاہر کر دے گا‘‘-۶؎ دیکھو اس میں کیسی عظیم الشان خبر دی گئی ہے- کیا کوئی انسان کسی انسانی تدبیر سے ایسی خبر دے سکتا ہے- یہ الہام حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو ماموریت سے پہلے ہوا- جس میں ایک تو یہ پیشگوئی تھی کہ آپ زندہ رہیں گے اور ماموریت کا دعویٰ کریں گے- دوسری