اصحاب احمد (جلد 11)

by Other Authors

Page 165 of 407

اصحاب احمد (جلد 11) — Page 165

165 حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ کی عنایات کا ذکر فرما کر آپ بہت دعائیں دیتیں۔کاش ہم سب سلسلہ اور ان اللہ کے پیاروں کے لئے اس قدر اور اسی درد سے دعائیں کر سکیں جو کہ حضرت پھوپھی صاحبہ کا معمول تھا ، تا کہ ہماری رفتار ترقی موجودہ حالت سے کئی گنا تیز ہو جائے۔نماز اور استغفار آپ کی غذا تھی۔ان دنوں سحری کے وقت جسمانی تکلیف کے اثر کے باعث اٹھنے سے قاصر رہتیں لیکن آپ اس کی کمی نماز چاشت کے نوافل سے پوری کرنی کی کوشش فرماتیں۔مولا کے آگے جھکنے والا ہر سر آپ کو پیارا لگتا تھا۔اور نماز میں غفلت کرنے والا اپنا عزیز سے عزیز یا کوئی فرد جماعت آپ کی سرزنش سے بچ نہ سکتا تھا۔شام یا عشاء کے وقت چھت پر کھڑے ہو کر آپ نمازیوں کا جائزہ لیتیں اور بھری مسجد کا منظر آپ کے لئے بہت ہی خوش کن ہوتا۔میں نے خود بعض افراد جماعت سے آپ کو ان کی غفلت کا سبب دریافت فرماتے سنا۔نماز سے پیار کے باعث آپ کے دل میں نمازیوں کے کس قدر احترام تھا۔قارئین کرام ذیل کے واقعہ سے اندازہ لگا سکتے ہیں۔ایک شب میں سحری کے وقت اٹھا۔ابھی حواس درست کر رہا تھا کہ آپ کو میری بیداری کا علم ہو گیا۔آپ ایک دوسری نچلی چھت پر سوتی تھیں۔اٹھیں اور ایک لوٹے میں پانی ڈال کر لے آئیں اور کمال شفقت سے فرمایا۔” لو بیٹا پانی اس وقت میرا دل جذبات تشکر وشرم سے بھر گیا۔دراصل یہ نماز سے پیار اور نمازی کا احترام تھا ، جو اس شفقت کا محرک ہوا۔ایک عام چود ہرانی کا تصور یہی نقشہ ہمارے سامنے پیش کرے گا کہ چار پائی پر بیٹھے حقہ کی نالی ہاتھ میں لئے کھانس رہی ہیں۔بات بات پر بگڑتی اور اپنی بہو بیٹیوں ، ماماؤں کو جلی کٹی سناتی ہیں۔کبھی ایک کو ڈانٹتی ہیں اور کبھی دوسری کو فہمائش کرتی ہیں۔گزرے ہوئے زمانہ کا حسرت و یاس سے ذکر کر کے مستقبل کے متعلق مایوسی و نا امیدی کا اظہار کرتی ہیں۔لیکن حضرت پھوپھی صاحبہ کو میں نے دیکھا کہ آپ بالکل خوش اور اپنے پہلو میں نفس مطمئنہ لئے معلوم ہوتی تھیں۔آپ کے بشرہ پر ناراضگی کے آثار شاذ ہی کسی نے دیکھے ہوں گے۔آپ سلسلہ کے حالات سناتی رہتیں۔اور اپنے بزرگوں کی نیکیوں کا تذکرہ کر کے ان کے نیک نمونہ پر گامزن ہونے کا جذ بہ قلوب میں پیدا کرتیں۔مستقبل کے متعلق نہایت ہی پر امید تھیں گویا اس جہاں میں ہی جنت میں بستی تھیں۔آپ کے کسی فعل سے آپ کی ضعیف العمری کا اظہار نہ ہوتا تھا۔اپنی ہمت اور عزم کے لحاظ سے بلا شبہ جیسا