اصحاب احمد (جلد 10) — Page 454
454 ایسا کیا ؟ ہرگز نہیں آپ نے اپنے چند اشخاص کی رائے کے مقابلہ میں کسی کی پرواہ نہیں کی اور اپنے سے چند ہم خیال اصحاب کو جمع کر کے مجلس شورای منعقد کر لی اور ریزولیوشن پاس کر لئے کیا یہ شورای احمدی سلسلہ کی ہو سکتی ہے؟ کیا جو ریزولیوشن اس میں پاس ہوئے ہیں وہ احمدی جماعت کی طرف سے ہو سکتے ہیں؟ جو انجمن اشاعتِ اسلام آپ نے قائم کی ہے یہ احمدیوں کی طرف سے ہو سکتی ہے۔اگر آپ کی مجلس نے وفد بخدمت جناب میاں صاحب بھیجنا تجویز کیا تھا۔پہلے تو یہ ضروری تھا کہ ایسی مجلس شورای قائم ہوکر جس کا تذکرہ میں نے کیا ہے۔اگر تجویز ہوتا تو پھر وفد بھی جاتا اور اس میں انجمنوں کے پریذیڈنٹ یا سیکرٹری شامل ہوتے اور یقیناً حضرت صاحبزادہ صاحب وفد کو باریابی کی اجازت دیتے۔پھر اس وفد میں ضرورت تھی کہ مولوی محمد علی صاحب وڈاکٹر مرزا یعقوب بیگ صاحب، ڈاکٹر سید محمد حسین صاحب، شیخ رحمت اللہ صاحب خود جاتے اور عرض کرتے۔اور جبکہ یہ بھی نہیں ہوا تو انہی اشخاص کو بھیج دیا جاتا جن کو جناب ممدوح نے اجازت دی تھی۔میرے خیال میں تو محض سید حامد شاہ صاحب ہی کافی تھے۔جو حضرت صاحب کے سابقین خادمان میں سے ہیں انہوں نے وہ زمانہ دیکھا ہے جو بعد والوں کو نصیب نہیں ہوا۔وہ نہایت عمدگی سے جملہ امورات متنازعہ کو طے کرتے۔میں سمجھتا ہوں کہ اس میں ابتداء سے بہت سی غلطیاں ہوتی رہی ہیں۔اور اپنے خیالات اور آرزو کی پیروی ہوتی رہی ہے۔میرے خیال میں انجمن اشاعت اسلام کے تقرر میں بہت جلدی کی گئی ہے۔کیا جو صدرانجمن پہلے سے ہے اس کی یہ غرض نہیں؟ اور جناب میاں صاحب نے فرما دیا ہے کہ تمہارا اس سے کوئی تعلق نہیں؟ جہاں تک میں نے سنا ہے۔جناب میاں صاحب نے ہرگز ہرگز ایسا نہیں فرمایا جناب میاں صاحب تو یہاں تک بھی راضی ہیں کہ اس خاص مسئلہ میں اپنے عقیدہ پر رہو مگر قوم کے شیرازہ کو پراگندہ نہ کرو مگر آپ صاحبان اس پر بھی راضی نہیں اور فرماتے ہیں کہ بصورت اختلاف عقیدہ ہم بیعت نہیں کر سکتے۔میں آپ کو جناب مولوی محمد احسن صاحب کے اس عربی خط کی طرف توجہ دلاتا ہوں جو انہوں نے حضرت خلیفہ اسی مرحوم کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی وفات کے بعد لکھا جس میں لکھا ہے کہ میں نے بیعت کر لی ہے اور میں آپ کو ایسا ایسا سمجھتا ہوں مگر بعض آیات قرآن مجید کی تفسیر میں میرا آپ سے اتفاق نہیں۔حضرت میاں صاحب آپ اور سب احمدیوں کو اس عقیدہ پر جمع کرنا چاہتے ہیں جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا تھا۔نہ ایک انچ آگے نہ پیچھے۔جو دعویٰ حضرت مسیح موعود نے کیا وہی منوانا چاہتے ہیں اور بس اور اشاعت اسلام کا کام جس طریق پر پہلے جاری ہے۔اس میں فی الحال کوئی دخل نہیں۔صدر انجمن میں کوئی ترمیم کا ارادہ معلوم نہیں