اصحاب احمد (جلد 10) — Page 360
360 صاحب کی وہاں دھوم مچ گئی اور جابجا ان کے علم وفضل کا چرچا ہونے لگا۔ہر وعظ میں مولوی صاحب حضرت مسیح کے بارے میں آیتوں پر آیتیں اور حدیثوں پر حدیثیں پڑھنے لگے۔ایک روز ان کا اس محلہ میں وعظ تھا جس میں حضرت اقدس قیام رکھتے تھے۔اس وعظ کے سننے کے لئے ہزاروں آدمی جمع تھے۔مولوی محمد حسن ، مولوی شاہ دین، مولوی عبد العزیز ، مولوی محمد ، مولوی عبد اللہ صاحبان اور دو چار اور مولوی صاحبان جو بیرون سے مولوی غلام نبی صاحب کی علمی لیاقت و شہرت کو دیکھنے کے شوق میں آئے تھے، اس خاص وعظ میں حاضر تھے۔اس وعظ میں مولوی غلام نبی صاحب نے اپنا سارا علم ختم کر دیا اور تحسین و آفرین اور مرحبا کے نعرے بلند ہورہے تھے جو ہمارے کانوں تک پہنچ رہے تھے۔اور ہم پانچ چار آدمی چپکے بیٹھے تھے۔حضرت اقدس زنانہ میں ایک کتاب کا مسودہ تیار کر رہے تھے۔مولوی صاحب وعظ میں پوری مخالفت کا زور لگا کر چلے اور ان کے ساتھ ایک جم غفیر اور مولوی صاحبان تھے۔اور ادھر سے حضرت اقدس مردانہ مکان میں جانے کے لئے زنانہ مکان سے نکلے تو مولوی صاحب سے سامنا ہو گیا۔اور خود حضرت اقدس نے السلام علیکم کہہ کر مصافحہ کے لئے ہاتھ بڑھایا۔اور مولوی صاحب نے جواب دیتے ہوئے مصافحہ کیا۔خدا جانے اس مصافحہ میں کیا برقی قوت تھی اور کیا مقناطیسی طاقت اور روحانی کشش کہ ید اللہ سے ہاتھ ملاتے ہی مولوی صاحب ایسے از خود رفتہ ہوئے کہ کچھ چون و چرا نہ کر سکے اور ہاتھ میں ہاتھ دیئے سیدھے مردانہ مکان میں ساتھ ہی چلے گئے اور سامنے دوزانو ہوکر بیٹھ گئے۔باہر سامعین اور مولوی حیرت زدہ تھے اور باہم گفتگو کرتے تھے۔ایک نے کہا ارے! یہ کیا ہو ا۔مولوی صاحب نے یہ کیا حماقت کی کہ مرزا صاحب کے ساتھ چلے گئے۔دوسرے نے کہا۔مرزا جادوگر ہے۔خبر نہیں کیا جادو کر دیا ہو گا۔تیسرے نے کہا مولوی صاحب دب گئے۔مرزا صاحب کا رعب بڑا ہے۔چوتھے نے کہا۔اجی ! مرزا صاحب نے جو اتنا بڑا دعوی کیا ہے۔مرزا خالی نہیں ہے۔کیا یہ دعوی ایسے ویسے کا ہے؟ پانچواں بولا مرزا روپیہ والا معلوم ہوتا ہے۔مولوی لالچی ہوتے ہیں۔مرزا صاحب نے کچھ لالچ دیدیا ہوگا۔بعض نے یہ کہا کہ مولوی صاحب عالم فاضل ہیں۔مرزا کو سمجھا کے اور توبہ کر ا کے آئیں گے۔کسی نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے اور ایسا موقع ملاقات اور صحیح کر نے کا بار بار نہیں ملتا۔عام لوگ یہ کہتے تھے کہ مولوی پھنس گیا اور پھنس گیا خواہ طمع میں، خواہ علم میں خواہ کسی اور صورت سے۔مرزا بڑا چالاک اور علم والا ہے۔مولوی صاحبان یہ کہتے تھے کہ مولوی صاحب مرزا سے علم میں کم نہیں۔لالچی نہیں۔صاحب روزگار ہیں اللہ اور رسول کو پہچانتے ہیں۔فاضل ہیں ، مرزا کی خبر لینے گئے ہیں دیکھنا تو سہی مرزا کی کیسی گت بنتی ہے مرزا کو نیچا دکھا کے آئیں گے۔