ارضِ بلال

by Other Authors

Page 59 of 336

ارضِ بلال — Page 59

ارض بلال- میری یادیں ) نے اسے بتایا کہ اگر مجھے فرانسیسی میں لکھنا آتا تو میں آپ کے پاس کیوں آتا۔اس پر اس نے مسٹر باری کو کہا کہ آپ اس کے لئے درخواست لکھ دیں۔مسٹر باری نے میری طرف سے درخواست لکھ دی۔متعلقہ آفیسر نے محکمہ تعلیم کے پیڈ پر ایک اجازت نامہ ٹائپ کر کے اس پر اپنی مہر لگا کر مجھے وہ خط دے دیا۔اس خط کی وجہ سے میرا سینیگال میں بلا روک ٹوک سفر کرنا آسان ہو گیا۔سینیگال سے گیمبیا آنا جانا بھی ممکن ہو گیا۔حصول تعلیم کے لئے نرسری کلاس میں اگلے روز میں سکول پہنچ گیا۔پرنسپل صاحب کو میں نے بتایا کہ مجھے نرسری میں بٹھا دیں۔پرنسپل صاحب نے مجھے اس کلاس میں بٹھا دیا اور ساری کلاس کو میرا تعارف بھی کرایا۔اب معصوم ، چھوٹے چھوٹے افریقن بچے بڑی حیرانگی اور غور سے مجھے دیکھ رہے تھے۔تھوڑی دیر بعد آدھی چھٹی ہوئی تو بچے پہلے تو مجھ سے خائف سے تھے پھر آہستہ آہستہ میرے قریب آنے شروع ہو گئے اور پھر مجھے ہاتھ لگا لگا کر دیکھنے لگے۔خاص طور پر میرے سر کے بالوں کو چھورہے تھے۔میں بھی ان کی خوشی میں خوش ہور ہا تھا۔اس سے اگلے روز میں اگلی کلاس میں چلا گیا۔اس طرح دو ہفتوں کے اندر میں نے تین کلاسز میں شرکت کر لی۔اس کا بڑا فائدہ ہوا۔تھوڑی بہت زبان بھی چل پڑی اور سکول کے سب بچوں نے مجھے سلام کرنا شروع کر دیا اور اساتذہ سے بھی اچھا تعارف ہو گیا۔اس کے بعد میں نے سکول کو خیر باد کہہ دیا۔لیکن سکول کے ساتھ رشتہ بہت مستحکم ہو گیا۔پہلے تو میں خود چند ہفتوں کے لئے وہاں پڑھتا رہا۔تفریح کے اوقات میں سٹاف روم میں جا کر اساتذہ کے پاس بیٹھ جاتا۔اس بہانے اساتذہ کے ساتھ شناسائی ہو گئی۔اس کے بعد نظام بدل گیا۔میں نے پرنسپل سمیت سارے اساتذہ کو جماعت کے بارے میں تبلیغ شروع کر دی جس کو وہ بڑی دلچسپی سے سنتے رہے اور پھر ان میں سے چند اساتذہ نے مختلف میدانوں میں میری معاونت شروع کر دی۔فجزاهم الله 59