ارضِ بلال — Page 8
تبصره از قلم : مكرم ومحترم عطاء الجيب صاحب راشد - امام مسجد فضل لندن ) ارض بلال۔یہ عنوان ہی ایسا دلکش ہے کہ دونوں ہاتھ اس کتاب کی طرف بڑھ جاتے ہیں۔یہ کتاب برادرم مکرم ومحترم منور احمد خورشید صاحب مبلغ سلسلہ کی میدان عمل کی حسین یادوں کا ایک پرلطف مجموعہ ہے جو اپنے سادہ مگر رواں طرز بیان کی وجہ سے بہت پرکشش ہے۔حیرت ہوتی ہے کہ مصنف نے لمبے عرصہ پر محیط ان تبلیغی اور تربیتی واقعات کو کس طرح اپنی یاداشت میں محفوظ رکھا اور پھر معین تفاصیل کے ساتھ صفحہ قرطاس پر منتقل کر دیا۔آپ نے یہ ضرور لکھا ہے کہ میرا انداز بیان شوخ نہیں لیکن میں ضرور کہوں گا کہ اس میں ایک خاص روانی اور دلکشی ہے جو پڑھنے والے کو آگے سے آگے لیجاتی ہے اور بسا اوقات تو ایسے محسوس ہوتا ہے کہ گو یا پڑھنے والا بھی آپ کے ہمرکاب ہے۔ایک مبلغ سلسلہ کی میدان عمل کی حسین یادیں ایمان افروز ہونے کے علاوہ بے شمار معلومات کا ذخیرہ بھی ہیں۔مجھے مصنف کا یہ انداز بہت ہی اچھا لگ کہ آپ نے ارض بلال کے مخلص فدائی احمدیوں کی قربانیوں اور نیک مساعی کا خاص طور پر تفصیل سے ذکر کیا ہے۔اس کتاب نے ان گمنام فدائیان اسلام کی قربانیوں اور بے لوث خدمات کو تاریخ میں محفوظ کر دیا ہے۔کتاب سے ان مشکلات کا بھی خوب اندازہ ہوتا ہے جو احمدی مبلغین سلسلہ کو میدان تبلیغ میں پیش آتی ہیں اور پھر ان سب مشکلات اور روکوں کے باوجود مبلغین سلسلہ کا ثبات قدم کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت کے زیر سایہ آگے سے آگے بڑھتے جانے کا بھی خوب اندازہ ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ کی تائید ونصرت اور حفاظت کے نظارے ہر قاری کے دل میں زندہ خدا پر زندہ ایمان پیدا کرتے ہیں۔