عربی زبان میں خداداد فصاحت و بلاغت کا عظیم الشان نشان — Page 52
گرمیوں میں شام کی طرف جاتے تھے اور وہاں رہتے اور وہاں کے قبائل سے ملتے جلتے تھے۔اسی طرح بعض دیگر قبائل جزیرہ نما عرب کے شمال میں واقع رومی اور سریانی اور عبرانی قبائل سے اور جنوب میں فارسیوں اور اہل ہند و یونان سے رابطے میں تھے۔اس لیے مختلف عربی قبائل میں لغوی اعتبار سے تفریق کرنا اور بعض کو بعض پر فوقیت دینا بعید از انصاف ہے۔چنانچہ اگر کوئی قبیلہ کسی لفظ یا کلمہ وغیرہ کے اختیار و استعمال میں سب قبائل کے برخلاف اپنا علیحدہ اسلوب اختیار کرے تب بھی ہمیں اسے قبول کرنے کے سوا چارہ نہ ہو گا۔یہی موقف ابن جنی، ابو حیان، ابو عمرو، ابن فارس اور امام شافعی کا ہے۔