عربی زبان میں خداداد فصاحت و بلاغت کا عظیم الشان نشان

by Other Authors

Page 39 of 136

عربی زبان میں خداداد فصاحت و بلاغت کا عظیم الشان نشان — Page 39

اسی طرح لغات عرب کے اختلاف کے اسباب میں مختلف حروف مثلاً نین کو خاء اور جیم کو ھاء وغیرہ سے بدلنے کی مثالیں بھی موجو د ہیں۔اگر ان اختلافات کو بھی ذہن میں رکھا جائے تو اعتراض کرنے والوں کے کئی اعتراضات کا جواب خود بخود آجائے گا۔کوئی کہہ سکتا ہے کہ ضروری نہیں کہ ہماری ہر توجیہ اور ہر قیاس درست ہو کیونکہ ایسے امور پر قیاس کر کے مختلف استعمالات کا بلا حدود و قیود دروازہ نہیں کھولا جا سکتا بلکہ ایسے امور عربوں سے سماعی طور پر لیے جانے چاہئیں یعنی جو انہوں نے استعمال کیا ہے اس کی اجازت ہے اور جو نہیں کیا اس کی گنجائش نہیں ہے۔اس کا جواب یہ ہے کہ اہل لغت کے نزدیک یہ بات معروف ہے کہ عربوں کی سماعی لغات میں سے جو کچھ محفوظ ہوا ہے وہ بہت تھوڑا ہے اور جو ضائع ہو گیا وہ بہت زیادہ ہے، اس لیے اس نہج پر لکھی گئی کسی تحریر کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جاسکتا، کیونکہ ہو سکتا ہے یہ بھی لغات عرب میں سے کوئی لغت ہو، خصوصا اگر لکھنے والے کا دعویٰ ہو کہ اسے لغات عرب کا علم خدا تعالی کی طرف سے دیا گیا ہے تو پھر یہ امکان یقین کی حد تک بڑھ جاتا ہے کہ جو عام طریق سے ہٹ کر لکھا گیا ہے وہ ضرور لغات عرب میں سے کوئی لغت ہو گی۔1397