عربی زبان میں خداداد فصاحت و بلاغت کا عظیم الشان نشان — Page 6
مختلف کتب سے اکٹھا کر کے ایک جگہ مفصل طور پر درج کر دیا جائے تو اس کو ایک دفعہ پڑھنے سے ہی بہت سے اعتراضات ختم ہو جائیں گے۔۲۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے زمانے میں اس دعویٰ پر اعتراض کرنے والوں کو جو جوابات دیے ہیں ان کا گہرائی سے مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ آپ نے محض ایک ایک جملہ میں یا چند الفاظ میں اپنے اس دعوی کی مختلف جزئیات اور اس پر ہونے والے تمام اعتراضات کی کنہ ، اور ان اعتراضات کے رڈ کے طریق کو بھی بیان فرما دیا ہے۔چنانچہ اگر حضور علیہ السلام کے ان جوابات کو کسی قدر وضاحت کے ساتھ ایک جگہ درج کر دیا جائے تو جہاں باقی ماندہ اعتراضات کا بھی خاتمہ ہو جائے گا وہاں حضور علیہ السلام کے دعوی کی شوکت، عظمت اور شان بھی نمایاں ہو کر سامنے آجائے گی۔یہ بھی شاید خدا تعالیٰ کا قانون ہے کہ جس چیز کو ابھار کر پیش کرنا مقصود ہو تا ہے اس کے پیچھے معترضین کو لگا دیتا ہے اور وہ بار بار اعتراض کر کے اہل ایمان کو اس بارے میں سوچنے اور تحقیق کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں نتیجہ ان کے اس اعتراض کے مقام پر چھپے ہوئے بے شمار خزانے باہر آجاتے ہیں۔