365 دن (حصہ دوم)

by Other Authors

Page 77 of 225

365 دن (حصہ دوم) — Page 77

درس القرآن 77 درس القرآن نمبر 135 الشَّهْرُ الْحَرَامُ بِالشَّهْرِ الْحَرَامِ وَالْحُرُمَتُ قِصَاصُ فَمَنِ اعْتَدَى عَلَيْكُمْ فَاعْتَدُوا عَلَيْهِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدَى عَلَيْكُمْ وَاتَّقُوا اللهَ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللهَ مَعَ الْمُتَّقِينَ (البقرة: 195) عرب میں عموماً اور بیت اللہ کے قریب کے علاقہ میں خصوصا سال کے کچھ مہینوں کو بیت اللہ کے قریب کچھ علاقے کو خاص احترام کی نظر سے دیکھا جاتا تھا اور ان مہینوں میں جنگ کو اور اس علاقہ میں جنگ کو انتہائی بڑا گناہ سمجھا جاتا تھا۔یہ تصور چونکہ جنگ و جدل اور خونریزی سے بچنے کے ذرائع میں سے ایک ذریعہ تھا اور مقدس مقامات کے تقدس کو مضبوطی سے قائم رکھنے کا ایک ذریعہ تھا اس لئے اسلام میں بھی اللہ تعالیٰ نے اس تقدس کو قائم رکھا اور اب جو دشمن کے مقابلہ کے لئے دفاعی جنگ کی اجازت دی جارہی تھی اس حرمت کو قائم رکھنے کا ارشاد فرمایا لیکن ایک خطرہ بھی تھا کہ قریش مکہ جو مسلمانوں کے خلاف ہر قسم کی ظالمانہ کاروائیوں کی تاک میں رہتے تھے وہ اس حرمت سے فائدہ اٹھا کر دھوکہ دیتے ہوئے ان مقدس مہینوں میں اور اس مقدس علاقہ میں مسلمانوں پر حملہ نہ کر دیں۔اس لئے اس آیت میں مسلمانوں کو اجازت دی گئی کہ کفار کے حملہ کی صورت میں جو قابل احترام مہینہ میں ہو یا قابل احترام علاقہ میں ہو دفاعی جنگ کی اجازت ہے۔فرمایا الشَّهْرُ الْحَرَامُ بِالشَّهْرِ الْحَرَامِ یعنی اگر دشمن حرمت والے مہینہ میں جنگی کاروائی کرتا ہے تو حرمت والے مہینہ میں تمہارے لئے دفاعی کا روائی جائز ہے وَالْحُرُمتُ قِصَاصُ اگر قابل حرمت علاقہ میں دشمن تم پر حملہ کرتا ہے تو تمہیں قصاص کی اجازت ہے فَمَنِ اعْتَدی عَلَيْكُمْ فَاعْتَدُوا عَلَيْهِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدَى عَلَيْكُم جو زیادتی کوئی تم پر کرتا ہے اس کی سزا تم زیادتی کرنے والے کو دے سکتے ہو۔وَاتَّقُوا الله مگر اللہ سے ڈرتے رہو اس اجازت سے غلط فائدہ نہ اٹھانا اگر خدا کا ڈر رکھتے ہوئے اس کی اجازت پر عمل کرو گے تو یاد رکھو أَنَّ اللهَ مَعَ الْمُتَّقِينَ اللہ تعالیٰ کی مدد تمہارے شامل حال ہو گی، اللہ متقیوں کے ساتھ ہے۔