ذکر حبیب — Page 307
307 حاجی عبداللہ عرب صاحب سے مجھ کو ایک اور عجیب بات معلوم ہوئی۔کہ قسطنطنیہ میں سید فضل صاحب ایک باکمال بزرگ رہتے ہیں۔جن کو سلطان رُوم بہت پیار کرتے ہیں۔سید فضل صاحب کے بزرگوں میں ایک شیخ گزرے ہیں۔(میں اُن کا نام وغیرہ آئندہ دریافت کر کے کسی دوسرے رسالہ میں درج کروں گا۔) جو صاحب کشف و کرامات تھے۔وہ اپنے ملفوظات میں لکھ گئے ہیں۔کہ آخری زمانہ میں مہدی علیہ السلام تشریف لاویں گے۔تو مغربی ملکوں میں ایک بہت بڑی قوم گورے رنگ والی حضرت مہدی علیہ السلام کی بڑی معین و مددگار ہوگی اور وہ سب داخلِ اسلام ہوگی۔واللہ اعلم بالصواب۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے فرمانے پر میں نے ویب صاحب سے خط و کتابت کی جن میں سے دو خط بطور نمونہ درج ذیل کئے جاتے ہیں : میرے پیارے بھائی۔السلام علیکم۔آپ کا خط مورخہ ۱۳ /جنوری ۱۹۰۲ء مجھے یہاں - ۱۸ / فروری ۱۹۰۲ ء کو ملا۔جس میں مسٹر براؤن کا ایک خط ہے۔مسٹر براؤن کے خط سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام کی پاکیزگی نے اس کے سوچنے والے دل پر اثر کیا ہے۔آپ اس کو اسلام کے اصول سکھاتے رہیں۔اور اُمید ہے کہ وہ کسی دن سچا پُر جوش مسلمان ہو جائے گا۔بے شک ملک امریکہ میں اسلام پھیلانے کے لئے آپ کی راہ میں بہت مشکلات ہیں۔لیکن آپ یقین رکھیں کہ اگر آپ کی سعی خالصہ اللہ ہے۔تو ایک دن آپ کو کامیابی ہو کر رہے گی۔تا ہم آپ کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ اسلام کے متعلق بعض غلط عقائد جو عام مسلمان لوگوں میں آج کل شائع ہو رہے ہیں۔ان کی اشاعت آپ ہرگز نہ کریں۔کیونکہ ان عقائد کی وجہ سے اللہ تعالیٰ لوگوں پر ناراض ہے اور اسی لئے اس نے اپنا مرسل حضرت مرزا غلام احمد بھیجا ہے تا کہ ایسے عقائد کی اصلاح کرے۔اب خدا تعالیٰ اسے برکت دے گا۔اور ان لوگوں کو بھی برکت دے گا۔جو اس کے پاک اور نیچے اصولوں کی پیروی کریں گے۔دوسروں سے اس نے اپنا منہ پھیر لیا ہے۔اور وہ ان لوگوں کی دُعائیں نہ سُنے گا جو اُس کے رسول کے ساتھ جنگ کرنے کے لئے کھڑے ہوں گے۔پس آپ لوگوں کو ان پاک اصولوں کے مطابق تعلیم دیں جو کہ آپ ان رسائل اور کتب سے اخذ کر سکتے ہیں جو کہ میں آپ کو وقتاً فوقتاً بھیجتا ہوں۔تب آپ کو اللہ تعالیٰ کامیاب کرے گا۔کیونکہ خدا تعالیٰ کی مرضی اسی طرح ہے اور اُسی کی مرضی بہر کیف پوری ہوگی اگر آپ اس کام کو اختیار کریں گے تو مقدس انسان حضرت مرزا غلام احمد صاحب کی دعائیں آپ کے کے شامل حال ہوں گی۔