زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء) — Page 427
زریں ہدایات (برائے مبلغین) 427 جلد اول اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ وہ اسلام کو دنیا میں غالب کرے گا اور مسلمانوں کی نصرت کے سامان پیدا کرے گا۔لیکن اس اہمیت کی وجہ سے جو میں نے بیان کی ہے مبلغین کا کام بہت نازک ہو گیا ہے۔بے شک فتوحات حاصل ہوں گی اور مسلمانوں کو غلبہ حاصل ہوگا لیکن جو فتح اپنے وقت سے ذرا پیچھے ہٹ جاتی ہے اس کی کوئی وقعت نہیں رہتی۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلامی فتوحات جلد حاصل ہوں۔مجھے ایک شخص کا ایک خواب ہمیشہ یاد آتا ہے اسے بحث و مباحثہ کی بہت عادت ہے۔ایک دفعہ اس نے اس بات پر بحث کی کہ روزہ رکھنے کے لئے مقررہ وقت سے ذرا پیچھے سحری کھالی جائے تو کیا حرج ہے۔یہ بحث کرتے کرتے اس نے ایک دن سحری پیچھے کھائی اور سو گیا۔وہ قوم کا جولاہا ہے اسی لحاظ سے اسے خواب آیا۔اس نے سنایا میں نے دیکھا میں تانی صاف کرنے کے لئے اسے پھیلا رہا ہوں۔ایک طرف ایک کیلا گاڑ کر اس سے تانی باندھ دی ہے اور دوسری طرف کے کیلے سے دوسرا سرا باندھنا چاہتا ہوں لیکن رستہ دو انگل کم ہو گیا۔میں تانی کو کھینچتا ہوں اور سارا زور لگا تا ہوں مگر کیلے تک نہیں پہنچتی۔پھر میں لوگوں کو بلاتا ہوں اور کہتا ہوں صرف دو انگل کی کمی سے میری تائی خراب ہو رہی ہے۔آخر مجھے خیال آیا جب دو انگل کی کمی سے تانی خراب ہو جاتی ہے تو مقررہ وقت سے تھوڑا سا پیچھے سحری کھانے سے کیوں روزہ خراب نہیں ہوگا۔تو معمولی فرق سے بنا بنایا کام خراب ہو جاتا ہے۔نپولین کی آخری شکست چند منٹ کے فرق سے ہی ہوئی تھی۔جنرل گوش جسے مدد کے لئے دوسرے رستہ سے بھیجا گیا تھا چند منٹ بعد پہنچا جبکہ نپولین گرفتار ہو چکا تھا۔اور جب وہ آیا تو اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔اگر وہ چند منٹ پہلے پہنچ جاتا تو یورپ کا نقشہ ہی اور ہوتا۔پس ضرورت اس بات کی ہے کہ قبل اس کے کہ اسلام کے لئے ہر میدان تنگ ہو جائے اسے غالب کیا جائے۔میں امید کرتا ہوں کہ ہمارے مبلغ اس کام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے وہاں جائیں گے۔اور اگر وہ اس اہمیت کو سمجھ لیں گے تو خدا تعالیٰ ضرور ان کی کوششوں میں برکت دے گا۔