زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء) — Page 139
زریں ہدایات ( برائے مبلغین ) 139 جلد اول کو لکھ کر دی ہیں ان کو روزانہ پڑھا کرو اور ان پر عمل کرنے کی کوشش کرو۔اگر ان کے مطابق عمل کرو گے تو کلام میں اثر اور کام کے اعلی نتائج نکلیں گے انشاء اللہ تعالیٰ۔اس کے بعد دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کے ساتھ ہو اور جو ان سے پہلے گئے ہیں اُن کے بھی ساتھ ہو۔خدا ان کے اخلاص میں اور اخلاق میں، کام میں ، ہمت میں برکت ڈالے اور ان کو کامیاب اور مظفر و منصور کرے۔آمین۔“ دعا کے بعد فرمایا:۔” میں نے پچھلے دوستوں کو بھی نصیحت کی تھی آپ کو بھی کرتا ہوں کہ گاؤں میں داخل ہونے کی دعا یاد کرو اور شہر میں داخل ہونے سے پہلے کم از کم تین دفعہ پڑھ لیا کرو۔ریل میں بھی پڑھ لو کیونکہ وہ بھی ایک قسم کا شہر ہی ہوتا ہے۔ہر ایک چیز کی مشق ہوتی ہے تم اپنے کام کی ریل سے ہی مشق کرنی شروع کر دو۔اخلاق سے کام ہوتا ہے اس لئے ہر ایک سے خوش خلقی سے پیش آؤ۔کھانے پینے کی توقع نہ کرو۔ان سے محبت کرو۔اور محبت کو لے کر ان کی تبلیغ کے لئے جاؤ۔تب ان میں بھی محبت جوش مارے گی اور وہ تمہاری باتیں سنیں گے اور تمہارے اخلاق کے تیروں سے گھائل ہو جائیں گے اور تمہاری محبت ان میں محبت پیدا کرے گی۔میں نے ایک دفعہ رویا میں دیکھا کہ ایک نہایت ہی خوبصورت بچہ ہے جو سنگ مرمر کے اوپر کھڑا ہے اور ہاتھ آسمان کی طرف اٹھائے ہوئے ہے۔اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ پریوں کی طرح کی ایک عورت ہے جو اوپر سے آ رہی ہے اور آ کر اس بچے کو جو حضرت عیسی ہیں اور وہ مریم ہیں بڑی محبت سے اپنے ساتھ لگا لیتی ہے۔تو اس وقت بے اختیار میرے منہ پر جاری ہوا Love creats love پس تم جب کسی جگہ داخل ہو تو فلاسفر کی طرح داخل نہ ہو بلکہ ایک دردمند دل لے کر جاؤ اور اپنے بچھڑے ہوئے بھائیوں کی حالت پر رنجیدہ اور کبیدہ خاطر ہو کر شہر میں داخل ہو۔فلسفیانہ رنگ کو چھوڑ کر جاؤ۔دل اخلاص سے پُر اور زبان محبت اور خوش خلقی سے تر ہو۔ہزار دلیل کا اتنا اثر نہیں ہوتا جتنا محبت کی ایک بات کا ہو جاتا ہے۔