اسوہء انسانِ کامل

by Other Authors

Page 425 of 705

اسوہء انسانِ کامل — Page 425

425 رسول کریم بحیثیت منصف اعظم اسوہ انسان کامل عورت کو معاف کر دیا جائے۔اسامہ نے جب رسول اللہ کی خدمت میں عرض کیا تو آپ کے چہرہ کا رنگ سرخ ہو گیا اور فرمایا کیا تم اللہ کے حکموں میں سے ایک حکم کے بارہ میں مجھ سے سفارش کرتے ہو؟ اسامہؓ نے عرض کیا یا رسول اللہ میرے لئے اللہ تعالیٰ سے بخشش طلب کریں۔شام کو نبی کریم نے لوگوں سے خطاب کیا اور فرمایا ”تم سے پہلے لوگ اس لئے ہلاک ہوئے کہ جب ان میں سے کوئی معزز انسان چوری کرتا تھا تو اسے چھوڑ دیتے تھے اور جب کوئی کمزور چوری کرتا تھا تو اس پر حد قائم کرتے تھے۔اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر محمد کی بیٹی فاطمہ بھی چوری کرتی تو میں اس کا ہاتھ بھی کاٹ دیتا پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کے مطابق اس عورت کا ہاتھ کاٹا گیا۔( بخاری )19 رسول کریم فرماتے تھے کہ ایک شخص کی غلطی کے بدلے دوسرے کو سزاد ینا نا جائز ہے۔ایک دفعہ باپ بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک شخص پر کسی دوسرے شخص کی وجہ سے زیادتی نہ ہو اور پھر یہ آیت پڑھی لَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَأَخْرى کہ کوئی جان دوسری کا بوجھ نہیں اُٹھائے گی۔( ابوداؤد ) 20 بیویوں میں عدل نبی کریم ﷺ اپنی بیویوں میں کمال عدل اور مساوات کا سلوک فرماتے تھے۔خود حضرت عائشہ کی شہادت ہے کہ رسول کریم دونوں کی تقسیم میں کسی بیوی کو دوسری پر فضیلت نہ دیتے تھے۔قریبا ہر روز آپ ہمیں ملنے تشریف لاتے اور ہم سے احوال پوچھتے۔(ابوداؤد ) 21 حضرت انس بن مالک بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم اپنی ایک بیوی کے ہاں تھے وہاں کسی دوسری بیوی نے ایک پیالہ میں کچھ کھانا بھجوایا جس بیوی کی باری تھی اسے غیرت آئی اور اس نے پیالے پر ہاتھ مار کر اسے توڑ دیا۔نبی کریم نے اس پیالے کو جوڑا اور اس میں کھانا اکٹھا کیا اور فرمایا کھاؤ۔ادھر آپ نے کھانا لانے والے کو روک لیا تھا۔کھانے سے فارغ ہوئے تو ٹوٹا ہوا پیالہ پاس رکھ لیا اور اس کی بجائے درست پیالہ توڑنے والی بیوی سے لے کر واپس بھجوا دیا۔( بخاری )22 دوسری روایت میں خود حضرت عائشہ نے تفصیل بیان کی ہے کہ میں نے کھانا پکانے میں حضرت صفیہ سے بہتر کوئی نہیں دیکھا۔ایک دفعہ خود انہوں نے میری باری میں کھانا بنا کر بھیج دیا۔مجھے غیرت آگئی اور ان کا برتن توڑ دیا۔بعد میں ندامت کے ساتھ رسول اللہ کی خدمت میں عرض کیا کہ یا رسول اللہ میری اس غلطی کا کفارہ کیا ہے؟ آپ نے فرمایا برتن کے بدلے برتن اور کھانے کے بدلے کھانا۔(ابوداؤد ) 23 حضرت انس بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم نے ٹوٹا ہوا پیالہ اس بیوی کے گھر میں رکھ لیا جس سے پیالہ ٹوٹا تھا اور ان کے گھر سے نیا پیالہ لے کر اس بیوی کو بھجوا دیا جن کے ہاں سے کھانا آیا تھا۔( بخاری ) 24