تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 472 of 1012

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 472

اقتباس از خطبه جمعه فرموده 24 جون 1983ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک یہ لڑائی فیصلہ کن ہوگی۔لیکن گلیوں اور بازاروں میں نہیں، صحنوں اور میدانوں میں نہیں بلکہ مسجدوں میں اس لڑائی کا فیصلہ ہونے والا ہے۔راتوں کو اٹھ کر اپنی عبادت کے میدانوں کو گرم کرو اور اس زور سے اپنے خدا کے حضور آہ و بکا کرو کہ آسمان پر عرش کے کنگرے بھی ہلنے لگیں۔مَتى نَصْرُ اللهِ کا شور بلند کر دو۔خدا کے حضور گریہ وزاری کرتے ہوئے اپنے سینوں کے زخم پیش کرو، اپنے چاک گریبان اپنے رب کو دکھاؤ اور کہو کہ اے خدا! قوم کے ظلم سے تنگ آ کے مرے پیارے آج شور محشر ترے کوچہ میں مچایا ہم نے پس اس زور کا شور مچاؤ اور اس قوت کے ساتھ مَتَى نَصْرُ اللهِ کی آواز بلند کرو کہ آسمان سے فضل اور رحمت کے دروازے کھلنے لگیں اور ہر دروازے سے یہ آواز آئے:۔أَلَا إِنَّ نَصْرَ اللهِ قَرِيبٌ أَلَا إِنَّ نَصْرَ اللَّهِ قَرِيبٌ أَلَا إِنَّ نَصْرَ اللَّهِ قَرِيبٌ سنو! سنو!! کہ اللہ کی مدد قریب ہے۔اے سننے والو! سنو کہ خدا کی مدد قریب ہے۔اے مجھے پکارنے والو!! سنو کہ خدا کی مدد قریب ہے اور وہ پہنچنے والی ہے“۔مطبوعه روزنامه افضل 29 جون 1983ء) 472