تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 406
اقتباس از خطبہ جمعہ فرمودہ 18 فروری 1983ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک پس ایسے خوفناک وقت سے بچنے کے لئے بھی یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے تبلیغ کے کام کو تیز کریں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے ، آپ کو حوصلہ دے، صبر دے، دعاؤں کی توفیق دے، اپنے نشانوں کے ساتھ آپ پر دن کو بھی ظاہر ہو اور رات کو بھی۔آپ کو یہ محسوس ہو کہ ایک زندہ خدا ہمارے ساتھ ہے، ایک طاقتور ہستی کے سایہ میں بڑھتا ہوا انسان خوف نہیں کھایا کرتا بلکہ دلیر ہو جاتا ہے۔کہتے ہیں، گھر میں بلی بھی شیر ہوتی ہے۔آپ کا مقام تو اس سے بہت بلند ہے۔خدا کی حفاظت گھر کی حفاظت سے کہیں زیادہ قوی اور مضبوط حفاظت ہے۔یہ مقام اپنے دل میں پیدا کریں، اپنی عظمت کا احساس پیدا کریں ، پھر دیکھیں کہ انشاء اللہ یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ کوئی داعی الی اللہ کسی سال پھل سے محروم رہے۔ایک ایک، دو دو، تین تین، چار چار پھل آپ کو لگیں گے۔جس طرح خدا تعالیٰ کے فرشتے مختلف پروں کے ہوتے ہیں، اسی طرح داعی الی اللہ بھی مختلف طاقتوں کے ہوا کرتے ہیں۔کوئی دو دو، کوئی چار چار پروں والا ہوتا ہے اور کوئی آٹھ آٹھ پروں والا ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے، جس کو چاہتا ہے، پھر اس سے بھی بڑھا دیتا ہے۔خدا تعالیٰ آپ کی طاقتوں کے پروں میں اضافہ کرتا چلا جائے اور ہمیشہ اس کے فضل کے سایہ تلے آپ آگے سے آگے بڑھتے چلے جائیں“۔( مطبوعه روزنامه الفضل 15 مئی 1983 ء ) | 406