تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 283 of 1012

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 283

تحریک جدید - ایک الہی تحریک خطاب فرمودہ 02 دسمبر 1982 ء ایک فیصلہ جس کا تمام مشنوں کو پابند کیا گیا تھا، وہ یہ ہے کہ دنیا میں جتنی زبانوں میں بھی آج تک احمدیت کا کسی موضوع پر لٹریچر شائع ہوا ہے، وہ تمام ممالک کے مشنوں میں بطور لائبریری موجود ہونا چاہیے۔مثلاً اگر جاپانی زبان میں مختلف وقتوں میں کوئی رسالہ یا کتاب شائع کی گئی تو اس کی کم از کم دودو کا پیاں تمام دنیا کے مشنوں کی لائبریری میں موجود ہونی چاہئیں۔اسی طرح اگر چینی زبان میں ، انڈونیشین زبان میں، یورپ، افریقہ اور دیگر ممالک کی زبانوں میں اس قسم کا لٹریچر شائع ہوا ہو تو وہ بھی تمام مشنوں میں ہونا چاہیے۔اگر آپ جائزہ لیں تو سب سے پہلے یہ بات سامنے آتی ہے کہ تحریک جدید میں ایک مرکزی دفتر اس مقصد کے لئے قائم ہونا چاہیے کہ آج تک جتنا بھی لٹریچر شائع ہوا ہے، وہ پہلے یکجائی طور پر اس کی فہرست منضبط کرے اور پھر معلوم کرے کہ کس کتاب کی اشاعت کب ہوئی تھی ؟ وہ کتاب کس نے لکھی ، کس نے اس کا ترجمہ کیا اور اس کی موجودہ حیثیت کیا ہے؟ اور پھر اس کی Availability یعنی اس کے مہیا ہونے پر غور کرے۔اور یہ بھی جائزہ لے کہ ان میں سے جو کتابیں ضروری ہیں لیکن اس وقت مہیا نہیں ہیں، ان کی دوبارہ اشاعت پر کتنے اخراجات ہوں گے؟ اور انہیں تمام دنیا میں پھیلانے کا کیا انتظام ہوگا ؟ ان ساری ذمہ داریوں کو کون ادا کرے گا اور کس طرح ادا کرے گا؟ اس کے لئے ایک پورا ڈیپارٹمنٹ چاہئے۔پھر جب تک ہر کتاب کا اردو اور انگریزی میں ترجمہ نہ ہو، مشن اس سے استفادہ نہیں کر سکتے۔ہر مشن میں اندھی کتابیں پڑی ہوں، جن کے متعلق مبلغ کو معلوم ہی نہ ہو کہ ان میں کیا لکھا ہوا ہے؟ تو وہ کس طرح ایک مہمان سے تعارف کروا سکتا ہے کہ آپ کے لئے میرے پاس فلاں فلاں موضوع پر کتب موجود ہیں۔اس لئے لازما ہر کتاب کا خلاصہ بھی تیار کروانا پڑے گا۔اور پھر اسے خوبصورت جلدوں میں سب مشنوں کو مہیا کرنا پڑے گا۔تا کہ اگر دنیا کے کسی بھی علاقے کا کوئی انسان ہمارے کسی مشن میں جائے تو ہمارا مبلغ بڑی ہمت اور حو صلے کے ساتھ اس کو کہہ سکے کہ آپ کی زبان میں پیش کرنے کے لئے میرے پاس لٹریچر موجود ہے۔اس کا ایک حصہ وہ ہے، جس کا تعلق طبع شدہ کتابوں سے ہے۔اور دوسرا حصہ وہ ہے، جو خلا کی صورت میں ہمارے سامنے ابھرے گا۔وہ بھی بہت سی ذمہ داریاں سامنے لاکھڑی کرے گا۔دنیا کی بہت سی اہم زبانیں ہیں، جن میں دنیا کو پیش کرنے کے لئے ہمارے پاس کچھ بھی نہیں۔اس حصے کا مشنوں کی آئندہ پلانگ اور پالیسی کے ساتھ بڑا گہرا تعلق ہے۔مثلاً اٹلی میں جب بھی خدا تعالیٰ توفیق دے اور زمین کا معاملہ طے ہو جائے، وہاں ہم نے ایک مشن قائم کرنا ہے۔یہ فیصلہ شدہ بات ہے۔لیکن سوال یہ ہے کہ ان لوگوں کو دینے کے لئے اٹالین زبان میں لٹریچر کہاں ہے؟ اور اس قوم کو مخاطب کرنے کے لئے کس قسم کے لٹریچر کی ضرورت ہے؟ وہ کون تیار کرے گا ؟ 283