تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page 473
تحریک جدید- ایک الہی تحریک۔۔۔جلد پنجم خطبہ جمعہ فرمودہ 09 جون 1978ء اپنے حسن و احسان کے ذریعہ دین اسلام کا غلبہ تمام ادیان پر مقدر ہے خطبہ جمعہ فرمودہ 09 جون 1978ء تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا:۔اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق فرماتا ہے:۔وَمَا أَرْسَلْنَكَ إِلَّا رَحْمَةً لِلْعَلَمِينَ (الانبياء: 108) هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُوْلَهُ بِالْهُدَى وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ (التوبة: 33) یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم عالمین کے لئے رحمت ہیں اور آپ کا دین باقی ادیان پر غالب آئے گا۔حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی بعثت کے پہلے دن ہی سے عالمین کے لئے بطور رحمت کے ہیں اور قیامت تک بطور رحمت کے ہیں۔اور پہلے دن سے ہی یہ مقدر تھا کہ دینِ اسلام تمام ادیان باطلہ پر اپنے حسن واحسان کے ذریعہ سے غالب آئے گا۔لیکن یہ ایک دن کا کام نہیں تھا، یہ صدیوں کا کام تھا۔چنانچہ پہلے دن سے ہی ایک عظیم مجاہدہ کی ابتدا ہوئی۔اور یہ مجاہدہ پھیلاؤ میں بڑھتا چلا گیا اور اس کی ترقی کی حرکت میں شدت پیدا ہوتی چلی گئی اور پیار کے ساتھ اور دلائل قاطعہ کے ساتھ اور حج ساطعہ کے ساتھ اور آسمانی نشانوں کے ساتھ اور قبولیت دعا کے نشانوں کے ساتھ دنیا کے دل میں آہستہ آہستہ ایک انقلاب پیدا کرتا رہا۔ایک نسل کے بعد دوسری نسل یہ ذمہ داری اٹھاتی رہی اور اس مہم کو آگے بڑھاتی رہی۔آخر تیرہ صدیاں گزرنے کے بعد اس مہدی کا ظہور ہوا، جس کے متعلق تمام بزرگوں نے قرآن کریم کی اس آیت کریمہ هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَى وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ کی رو سے کہا ہے کہ دین اسلام کے کامل غلبہ کا زمانہ مہدی کا زمانہ ہے۔لیکن وہ جو ایک جد و جہد تھی اور غلبہ اسلام کے لئے قربانی اور ایثار پیش کرنے کی مہم تھی ، وہ تو پہلے دن سے جاری ہو چکی تھی اور آگے ہی آگے بڑھتی چلی جارہی تھی ، جس نے مہدی معہود کے ذریعہ اپنی انتہا کو پہنچنا تھا۔473