تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد چہارم ۔ 1965ء تا 1973ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 277 of 1045

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد چہارم ۔ 1965ء تا 1973ء) — Page 277

خطبہ جمعہ فرمودہ 15 ستمبر 1967ء تحریک جدید- ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد چہارم امیر بننے کے لئے تیاری نہ کریں، اس بات سے تکلیف ہوتی ہے۔ہمارا تو ہر بچہ ، ہماری تو ہر عورت ، ہماری ہر لڑکی ، ہمارا ہر مرد ، ہمارا ہر نوجوان، ہمارا ہر بوڑھا تیار رہنا چاہئے۔پتہ نہیں کون زندہ ہوگا، جب آواز آئے گی کہ ہر شخص جماعت احمدیہ کا میدان میں آئے؟ اور دنیا کو استادوں کی ضرورت ہے۔وہ دنیا کے استاد بنیں۔اس کے لئے آپ کو تیاری کرنی پڑے گی۔ورنہ قرآن کریم کی زبان میں آپ منافق کہلائیں گے۔قرآن کریم کہتا ہے۔وَلَوْ أَرَادُوا الْخُرُوجَ لَاعَدُّوا لَهُ عُدَّةً کہ اگر انہوں نے میدان عمل میں عملی طور پر جہاد کرنا ہوتا تو وہ اس کے لئے ضرور تیاری کرتے۔آپ نے جہاد کرنا ہے، علمی میدان میں ! آپ نے جہاد کرنا ہے، مذہب کے میدان میں ! آپ نے جہاد کرنا ہے، آسمانی تائیدات کے میدان میں ! آپ کو علم سیکھنا پڑے گا، آپ کو دعاؤں کی مضبوط بنیاد پر اپنی زندگیوں کو کھڑا کر نا پڑے گا۔تاکہ اللہ تعالیٰ آپ کی نیستی کو دیکھ کر ، آپ کے دلوں میں اپنی محبت کو دیکھ کر ، آپ کے لئے اپنی معجزانہ قدرت کو ظاہر کرے۔کہ اس کے بغیر نہ آپ دنیا کے رہبر بن سکتے ہیں، نہ اس کے معلم بن سکتے ہیں۔تو اور بھی ذمہ واریاں ہیں، لیکن دیر کافی ہو گئی ہے، میں بس کرتا ہوں۔اس دعا کے ساتھ کہ اللہ تعالٰی ہم میں سے ہر ایک کو یہ توفیق عطا کرے کہ وہ ان ذمہ واریوں کو سمجھ لے، جو اس پر پڑنے والی ہیں۔خواہ وہ براہ راست اپنے رب سے علم حاصل کریں اور میرے معاون بنیں یا جب میں ان کو کسی منصوبہ کی طرف کسی امر کی طرف دعوت دوں، خدا تعالیٰ کے منشاء کے مطابق تو وہ سوفی صدی میرے ساتھ تعاون کرنے والے ہوں۔تا کہ ہماراوہ مقصد ہماری زندگیوں میں حاصل ہو جائے کہ ہم اپنی ان آنکھوں سے اسلام کو تمام عالم میں غالب دیکھ لیں۔ہمارے دل یہ محسوس کرلیں کہ جس طرح ہمارے دل کی دھڑکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ہے، اسی طرح ہر دل میں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت پیدا ہو جائے۔اللہ تعالیٰ ہماری حقیر کوششوں کو قبول فرمائے اور اللہ تعالیٰ جب تک مجھے زندگی دے تو تو فیق بھی عطا کرے کہ جس قسم کی رہبری کی اور قیادت کی آپ کو ضرورت ہے، میں آپ کے لئے اس کے فضل سے، اس کے سکھانے پر ، اس کی منشاء کے مطابق وہ قیادت میں آپ کو دیتا چلا جاؤں۔(آمین ) (رجسٹر خطبات ناصر غیر مطبوعہ ) 277