تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 53
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد سوم اقتباس از خطبه جمعه فرمودہ 24 ستمبر 1948ء حقیقی فتح کیلئے ضروری ہے کہ قوم کی کئی نسلیں حقیقی ایثار و اخلاق کا نمونہ دکھا ئیں خطبہ جمعہ فرمودہ 24 ستمبر 1948ء چند ماہ ہوئے ، میں نے جماعت کو اس امر کی طرف توجہ دلائی تھی کہ یہ ایسا زمانہ نہیں جس میں مالی قربانی کی کوئی ضرورت نہ ہو۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ میں نے پچھلے دنوں جماعت میں یہ تحریک کی تھی اور اس پر زور دیا تھا کہ جماعت جانی قربانی میں زیادہ سے زیادہ اور نمایاں حصہ لے۔جانی قربانی ہی ہے، جس سے گزشتہ خدائی سلسلے مضبوط ہوتے آئے ہیں اور جانی قربانی ہی ہے، جس کی وجہ سے ان کی جڑیں پاتال تک پہنچ گئی تھیں۔مگر ساتھ ہی میں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ ایسا زمانہ ہے، جس میں دشمن کا مقابلہ صرف جانی قربانی سے ہی نہیں کیا جاسکتا، جب تک ہمارے پاس مال نہ ہو۔اور جب تک ہم انہی ہتھیاروں سے کام نہ لیں جن سے دشمن کام لے رہا ہے، اس وقت تک ہم اس کے مقابلہ میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔تبلیغ کو ہی لے لو، فرض کرو ایک جگہ پر کوئی فتنہ کھڑا ہو جاتا ہے۔اس کی وجہ سے وہاں کی جماعت کے کو مرکز سے امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔ہم نے وہاں ایک مبلغ بھجوانا ہے یا دو چار مبلغ بھجوانے ہیں۔ہم ان مبلغوں سے یہ خواہش رکھتے ہیں کہ وہ سلسلہ پر بار نہ بنیں بلکہ فتنہ کی جگہ پر مفت پہنچیں۔لیکن مبلغ کا ایمان اور اخلاص روپیہ پیدا نہیں کر سکتا۔ایک مبلغ یہی کر سکتا ہے کہ وہ کہے، بہت اچھا میں ہوائی جہاز میں نہیں جاتا، ریل میں چلا جاتا ہوں۔یا کہے میں سیکنڈ کلاس میں نہیں جاتا، انٹر میں چلا جاتا ہوں یا تھرڈ میں چلا جاتا ہوں۔یا کہے میں ریل میں نہیں جاتا ، لاری میں چلا جاتا ہوں۔یا کہے میں لاری میں نہیں جاتا، تانگے میں چلا جاتا ہوں۔یا کہے میں تانگے میں نہیں جاتا، گھوڑے یا گدھے پر چلا جاتا ہوں۔یا کہے میں گھوڑے یا گدھے پر نہیں جاتا، پیدل ہی چلا جاتا ہوں۔مبلغ تو صرف یہی قربانی کر سکتا ہے۔مگر وہ روپیہ پیدا نہیں کر سکتا۔فرض کرو ہم یہاں بیٹھے ہیں اور بمبئی میں کوئی فتنہ پیدا ہو گیا ہے۔وہاں کی جماعت ہمیں ایک تار بھیج دیتی ہے کہ یہاں دشمن علماء کی یلغار ہوگئی ہے، آپ ہماری امداد کریں اور مرکز سے مبلغ روانہ کریں۔ہمارے پاس وہاں بھیجنے کے لئے مبلغ موجود ہیں۔ہمارے پاس ایسے لوگ موجود ہیں، جو دین کی خدمت کے لئے اپنی زندگیاں پیش کر دیں۔لیکن بمبئی یہاں سے ہزاروں میل دور ہے اور راستہ کے لئے 53