تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 470
خطاب فرموده 24 جنوری 1955ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد سوم پس باہر جا کر تمہاری پوزیشن ایک ایمبسیڈر کی ہوتی ہے اور تمہیں اس پوزیشن کو برقرار رکھنا چاہئے۔یہاں تو اپنے آپ کو ماتحت خیال کرو اور باہر جاؤ تو اپنے آپ کو ایمبسیڈ رخیال کرو۔اور اسی پوزیشن سے افسران کے ساتھ گفتگو کرو۔یہاں جولوگ ایمبسیڈر بن کر آتے ہیں، اپنے ملک میں ان کی پوزیشن زیادہ نہیں ہوتی۔ان میں سے بعض معمولی تاجر ہوتے ہیں لیکن وہ اپنے ملک کی طرف سے سفیر ہوتے ہیں۔اور بعض اوقات اس بات کا اقرار بھی کر لیتے ہیں۔مثلاً شامی سفیر مجھے ملا تو اس نے مجھے علیحدہ ہو کر کہا کہ میں آپ کا بہت ممنون ہوں۔میں نے اپنے ملک میں آپ کا لٹریچر پڑھا تھا اور اس کا مجھ پر بڑا اثر ہے۔لیکن اب وہ یہاں سفیر بن کر آیا ہوا تھا۔تمہاری حیثیت بھی بیرونی ممالک میں سفیروں کی سی ہے۔اس لئے تمہیں اس بات کو بھولنا نہیں چاہئے۔پھر زبان دانی کی طرف سے بھی خاص توجہ کرو۔اس وقت ہمارے مبلغ جہاں بھی گئے ہیں، وہاں انگریزی غالب ہے۔اگر ہمارے مبلغ انگریزی جانتے ہوں تو انہیں کوئی مشکل پیش نہیں آسکتی۔کیونکہ ہمارا کوئی مبلغ ایسا نہیں ، جس کی انگریزی کی بنیاد اتنی نہ ہو کہ وہ کچھ عرصہ کے بعد انگریزی زبان میں اپنے مانی الضمیر کو ادا نہ کر سکے۔پس تم جہاں جہاں جاؤ، انگریزی زبان کو دھڑلے سے استعمال کرو۔چاہے تم غلط سلط انگریزی بولو لیکن دھڑلے سے بولو۔اس طرح آہستہ آہستہ زبان خود بخود آ جائے گی۔یہاں جو لوگ دوسرے ممالک سے آتے ہیں، انہیں میں نے دیکھا ہے کہ وہ بے دھڑک انگریزی بولتے ہیں اور گرامر کی غلطیوں کی پروا نہیں کرتے۔یہی وجہ ہے کہ جس بے تکلفی سے وہ انگریزی بولتے ہیں، ہمارے گریجوایٹ بھی نہیں بول سکتے۔پس مبلغین کو چاہئے کہ وہ جو جوز بائیں جانتے ہیں، انہیں وسعت دیں۔مثلاً مغربی افریقہ میں بعض شامی تاجر آباد ہیں، جو عربی زبان جانتے ہیں۔اگر تم ان سے عربی زبان میں گفتگو کرنے کی عادت ڈال لو تو تمہاری زبان صاف ہو سکتی ہے۔اسی طرح انگریزی زبان بھی مغربی افریقہ میں ہر جگہ بولی اور سمجھی جاتی ہے۔اس میں بھی ترقی کی جاسکتی ہے۔پھر میں نے مبلغین میں ایک نقص یہ بھی دیکھا ہے کہ وہ ہمیشہ رپورٹ بھیجنے میں کوتاہی کرتے ہیں۔اور یہ چیز درست نہیں۔جب انہیں ڈانٹا جاتا ہے تو کہتے ہیں، ہمیں اور بہت سے کام ہیں۔دنیا میں حکومتوں نے ایڈمنسٹریشن کے لئے مختلف قانون بنائے ہیں۔اور یہ قانون بڑی بڑی ایمپائرز نے بڑے بڑے تجربہ کے بعد بنائے ہیں۔ان قوانین میں سے ایک اہم قانون یہ ہے کہ کارکن اپنے کام کی رپورٹ 470