تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 542 of 872

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947) — Page 542

اقتباس از خطبه جمعه فرموده 09 مارچ 1945ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد دوم بہر حال جماعت کے ہر دوست کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ امتحان کا وقت آگیا ہے۔اس لئے کہ اپنے کو تیار رکھو۔خدا ہی جانتا ہے کہ کب تم میں سے ہر ایک کو بلایا جائے گا؟ خواہ کوئی وقف ہو یا نہ ہو۔جو وقف نہ ہوں گے، انہیں ان کی بیعت کی وجہ سے بلایا جائے گا کہ آگے آؤ۔پس اپنے آپ کو اس وقت کے لئے تیار کرلو تا ایسا نہ ہو کہ جب آواز بلند ہو تو کوئی شخص ایسا بھی ہو کہ امتحان میں پورا نہ اتر سکے اور ارتداد یا منافقت کے گڑھے میں جا گرے۔پس اچھی طرح سن لو کہ بلاوے کا وقت آ رہا ہے بلکہ شاید آچکا ہے۔گو قطعی طور پر تو میں نہیں کہہ سکتا کہ آچکا ہے مگر ایسے سامان ظاہر ہورہے ہیں کہ جن سے یہ گمان غالب ہے کہ وہ وقت آچکا ہے یا بالکل قریب آرہا ہے، جب تمام مذاہب پر اسلام اور احمدیت کی طرف سے عام دھاوا بول دیا جائے گا اور شیطان اور خدا تعالیٰ کے فرشتوں میں آخری فیصلہ کن لڑائی ہوگی۔خوش قسمت ہوں گے وہ جن کو اس لڑائی میں اپنی جان اور اپنا مال قربان کرنے کا موقع ملے اور وہ خدا تعالیٰ کے حضور قرب کے اعلیٰ مقام حاصل کر سکیں۔اور بد قسمت ہے وہ ، جو اس نایاب اور نادر موقعہ کو کھودے اور اعلی درجہ کے قرب کا مقام پانے سے محروم رہے، جس کے انتظار میں اس دنیا کے صلحاء ہزاروں سال سے بیتاب تھے۔(مطبوعہ الفضل 14 مارچ1945ء) 542