تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947) — Page 339
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد دوم اقتباس از خطبہ جمعہ فرمودہ 28 اپریل 1944ء اسلام کی فتح کی جنگ اب قریب آرہی ہے خطبہ جمعہ فرمودہ 28 اپریل 1944ء ” میں نے جماعت کو اس امر کی طرف پچھلے چند ہفتوں سے توجہ دلائی ہے کہ اسلام کی فتح اور اس کی کامیابی کے لئے جو جنگ ہونے والی ہے، وہ اب قریب آرہی ہے اور ہمیں اس کی خاطر قربانیاں کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔اسی غرض کے لئے میں نے بعض مالی تحریکیں کی ہیں ، بعض وقف زندگی کی تحریکیں ہیں“۔" پس میں نے جو مختلف تحریکات کی ہیں، وہ اسی لئے ہیں کہ جماعت کو آئندہ جنگ کے لئے تیار کیا جائے۔میں جانتا ہوں کہ کئی لوگ ایسے ہیں، جو کچھ عرصہ کے بعد کہیں گے کہ کچھ بھی نہیں ہوا، ان کے دل بیٹھنے شروع ہو جائیں گے اور وہ سمجھیں گے کہ وہ دن ، جس کے لئے ہم تیاری کر رہے تھے، نہ معلوم آتا بھی ہے یا نہیں آتا۔مگر جب وقت آئے گا، ایسے لوگ پیچھے گر جائیں گے۔اسی طرح وہ لوگ، جو اس وقت اس آواز کا جواب نہیں دیتے اور سمجھتے ہیں کہ ہم بڑے مخلص ہیں ، ہم بڑی قربانی کرنے والے ہیں، ہم بڑا ایثار کرنے والے ہیں، جب خدا کی طرف سے آواز آئے گی، ہم فوز اقربانی کرنے کے لئے تیار ہو جائیں گے، وہ بھی جب وقت آئے گا، پیچھے ہٹ جائیں گے اور اسلام کے بہادر سپاہیوں کے ساتھ اپنے قدم ملا نہیں سکیں گے۔صرف وہ منزل مقصود پر پہنچیں گے، صرف وہ کامیابی کا منہ دیکھیں گے اور صرف وہ اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے وارث ہوں گے ، جو اس دن کے آنے سے پہلے اس کے لئے تیاری کریں گے اور کرتے چلے جائیں گے۔زمانہ کا بعد یا زمانہ کا چھوٹا ہونا ، ان کی تیاری میں روک نہیں بنتا“۔"پس جو تحریکیں میں نے جماعت میں کی ہیں، ان کی طرف میں ایک دفعہ پھر دوستوں کو توجہ دلاتا ہوں۔کوئی شخص میری ان تحریکات کو اس رنگ میں نہ سمجھے کہ شاید کل ہی وہ دن آنے والا ہے، جب اسلام کی ترقی کے لئے جماعت سے انتہائی قربانیوں کا مطالبہ کیا جائے گا۔ہم تو کہتے ہیں اس دن کے آنے میں ابھی اور دیر ہوتا کہ ہمارے کمزور بھی تیاری کر لیں اور ہم میں سے ہر شخص کے اندر ایسا مادہ پیدا ہو جائے کہ وقت آنے پر ہم اپنے اموال، اپنے اوقات، اپنی جانیں ، اپنی اولادیں، اپنی بیویاں اور اپنے دوست سب کچھ خدا کی خاطر قربان کرنے کے لئے تیار ہو جائیں۔339