تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 19 of 872

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947) — Page 19

تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد دوم خطبہ جمعہ فرمودہ 26 اپریل 1940ء اس وقت تبلیغ کا جہاد ہر مومن پر فرض ہے خطبہ جمعہ فرمودہ 26 اپریل 1940ء سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔میں بیماری کی وجہ سے نہ تو زیادہ دیر کھڑا ہو سکتا ہوں اور نہ ہی اونچا بول سکتا ہوں۔اس کے علاوہ آج لاؤڈ سپیکر بھی نہیں ہے۔اور ابھی تک وہ درست ہو کر نہیں آسکا۔کیونکہ اس کے بعض پرزے نہیں مل سکے۔اس لئے دوستوں کو جس حد تک میری آواز پہنچ سکے اسی حد تک انہیں اکتفا کرنا پڑے گا۔میں نے جماعت احمدیہ کو تحریک جدید کے ماتحت ایک یہ بھی تحریک کی تھی کہ دوست اپنی زندگیاں تبلیغ اسلام کے لئے وقف کریں۔خواہ یہ وقف چند ہفتوں کے لئے ہو یا چند مہینوں کے لئے۔اور ساری کی ساری جماعت ایک قانون اور نظام کے ماتحت تبلیغ احمدیت میں مصروف ہو جائے۔مگر مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس وقت تک جماعت نے اس ہدایت پر پورے طور پر عمل نہیں کیا۔اور شاید ابھی سو میں سے ایک شخص بھی ایسا نہیں، جس نے اس کے مطابق عمل کیا ہو۔حالانکہ انسان کے ایمان کی آزمائش سب سے زیادہ جہاد فی سبیل اللہ میں ہوتی ہے۔اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے بیان فرمایا ہے کہ جہاد فی سبیل اللہ دو طرح ہو تا ہے۔کبھی تلوار کے ذریعہ سے اور کبھی تبلیغ اسلام اور اعلائے کلمتہ اللہ کے ذریعہ سے۔موجودہ زمانہ میں چونکہ وہ حالات موجود نہیں جن میں تلوار کا جہاد ضروری ہوتا ہے۔اس لئے اب تلوار کے جہاد کا وقت نہیں بلکہ تبلیغ اسلام کے جہاد کا وقت ہے۔مگر ہماری جماعت نے ایک طرف تو یہ کہ دیا اور اس نے اپنے پاس سے نہیں کہا بلکہ خدا اور اس کے رسول کے حکم کے ماتحت کہا کہ وہ جہاد جو تلوار کا تھا، اس زمانہ میں منسوخ ہو چکا ہے۔گویا اس جہاد سے ہم اس طرح سبکدوش ہو گئے ہیں کہ خدا اور اس کے رسول نے اس زمانہ میں یہ جہاد منسوخ کر دیا ہے۔کیونکہ اس زمانہ میں وہ حالات موجود نہیں جن حالات کے ماتحت تلوار کا جہاد مومنوں پر فرض ہوا کرتا ہے۔جب دوبارہ وہ حالات پیدا ہو گئے تو پھر نئے سرے سے یہ جہاد مسلمانوں پر فرض ہو جائے گا۔کیونکہ وہ ایک شریعت کا مسئلہ ہے، جسے عارضی طور پر ملتوی تو کیا جا سکتا ہے 19