تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 118 of 872

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947) — Page 118

اقتباس از خطبه جمعه فرموده 28 نومبر 1941ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلد دوم پس اب اسلام روز بروز بڑھتا چلا جائے گا اور کیا عیسائیت اور کیا یہودیت اور کیا ہندومت اور کیا بدھ مت سب اس سے ٹکر انکر اکر پاش پاش ہو جائیں گے اور روحانی طور پر پھر اس کے نفوذ کو دنیا کے کناروں تک پہنچایا جائے گا اور پھر تمام ادیان پر دین غالب آئے گا اور پہلے سے زیادہ شان اور زیادہ عظمت کے ساتھ غالب آئے گا کیونکہ یہی وہ زمانہ ہے جس کی نسبت قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ هُوَ الَّذِى اَرْسَلَ رَسُوْلَهُ بِالْهُدَى وَدِيْنِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ ( الصف : ١٠) یعنی خدا نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اس لئے مبعوث کیا ہے تا اس کے لائے ہوئے دین کو تمام دنیا کے مذاہب پر غالب کرے اور دلائل و براہین کی رو سے اسلام کی برتری اور فوقیت تمام مذاہب پر ثابت کر دے۔اب دیکھو اس آیت میں بھی کیا ہی لطیف طور پر اس امر کی طرف اشارہ کیا گیا تھا کہ یہ غلبہ اس زمانہ میں ہوگا۔جب مسلمانوں کے ہاتھ میں صرف تبلیغ کا ہتھیار ہوگا ،تلوار نہیں ہوگی۔محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں مسلمانوں کی ظاہری فتوحات، مذہبی فتوحات سے پہلے ہوا کرتی تھیں۔مکہ کو مسلمانوں نے پہلے فتح کیا اور بعد میں مکہ کے لوگوں نے اسلام قبول کیا۔نجد کو پہلے رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فتح کیا۔مگر نجد کے رہنے والے بعد میں مسلمان ہوئے۔اسی طرح شام کو مسلمانوں نے پہلے فتح کیا اور شام کے رہنے والے بعد میں مسلمان ہوئے۔عراق کو مسلمانوں نے پہلے فتح کیا اور عراق کے رہنے والے بعد میں مسلمان ہوئے۔مگر اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں یہ وعدہ کیا تھا کہ اسلام کی یہ فتح دینوں پر ہوگی اور دینوں پر فتح تبلیغ سے ہوتی ہے، تلوار سے نہیں ہوتی ہے۔پس اس آیت میں ایسے ہی زمانہ کا ذکر تھا جس میں تبلیغ سے کام لیا جانے والا تھا اور وہ زمانہ یہی ہے جس میں سے ہم اس وقت گزر رہے ہیں۔میں نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حق میں اس پیشگوئی کو پورا کرنے میں مدد دینے کے لئے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ جو خدائی وعدہ ہے کہ میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا۔( تذکرہ ص 305) اس کو پورا کرنے کے لئے تحریک جدید کا اجراء آج سے سات سال پہلے کیا اور میں نے اپنی طرف سے بغیر کسی ملونی کے وہ تمام باتیں جن کو میں نے قرآن کریم ، احادیث اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیم کی روشنی میں اسلام کے لئے مفید اور مد سمجھتا تھا ، چن کر جماعت کے سامنے پیش کر دیں۔118