تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد اول۔ 1934 تا 1939) — Page 80
خطبہ جمعہ فرموده 7 دسمبر 1934ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد اول باوجود اس اظہار کے جو میں نے کیا ہے سکیم کے ہر پہلو میں بعض اُمور کو میں نے مدنظر رکھا ہے جن کی حقیقت کو ظاہر نہیں کیا۔فوائد اور اغراض کے بعض پہلو میں نے بتائے ہیں لیکن بعض نہیں بتائے۔جس طرح طبیب ایک دوائی دیتا ہے اور اس کا اتنا ہی فائدہ بیان کرتا ہے جتنا مریض کے ساتھ تعلق رکھتا ہے۔ایک دوائی قبض کے لئے بھی مفید ہوتی ہے، معدہ کے لئے اور جگر کیلئے بھی وہی نزلہ اور زکام کے لئے بھی مفید ہوتی ہے۔طبیب کے پاس ایک نزلہ کا مریض آتا ہے اور وہ اسے دوائی دے دیتا اور کہتا ہے کہ یہ نزلہ کیلئے مفید ہے یہ ضروری نہیں کہ وہ اسے یہ بھی بتائے کہ یہ جگر اور معدہ کے لئے بھی مفید ہے یہ باتیں وہ معدہ یا جگر کے مریض سے کہے گا۔اسی طرح آئندہ کے مصالح کو بیان کرنے کی ضرورت نہ تھی لیکن وہ مکمل عمارت میرے ذہن میں ہے جس کی حفاظت کے لئے یہ تمام تجاویز کی گئی ہیں اور وہ حملے بھی میرے ذہن میں ہیں جو ابھی کئے نہیں گئے مگر دشمن کرے گا یا کر سکتا ہے اور دفاع کی تدابیر بھی موجود ہیں اور اسی کے سلسلہ میں میں نے یہ تجاویز پیش کی ہیں۔کسی بات کو آخر وقت پر اختیار کرنا نظمندی کی علامت نہیں ہوتا۔جو شخص بارش شروع ہونے کے بعد اس سے بچنے کیلئے عمارت بنائے ، جو آگ لگنے کے بعد کنواں کھودے کہ اس سے پانی لے کر آگ بجھائے اور جو بھوک لگنے کے بعد غلہ ہونے کیلئے جائے اس سے زیادہ احمق اور کوئی نہیں ہوسکتا۔بارش سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ پہلے سے گھر تیار کیا جائے اور بھوک سے محفوظ ہونے کیلئے پہلے غلہ بوناضروری ہے اور جو شخص اپنے گھر کو آگ سے بچانا چاہتا ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ پانی کے پاس رہے تا آگ بجھا سکے۔پس ضروری تھا کہ میں ان امور کو مد نظر رکھتا جو موجودہ جدوجہد کے لازمی نتائج ہیں۔میں یقیناً جانتا ہوں کہ دشمن بھی یہ نہیں جانتا کہ اس کی تحریکات کے کیا نتائج پیدا ہونے والے ہیں؟ اللہ تعالیٰ ہی سب کچھ جانتا ہے اور وہ اپنے بندوں کو جس قدر مناسب سمجھے بتاتا ہے اور وہ جانتے ہیں کہ ان کے انسداد کے لئے کیا کرنا چاہئے؟ پس اس سکیم میں میں نے صرف حال کو ہی نہیں بلکہ استقبال کو بھی مدنظر رکھا ہے اور صرف یہی نہیں سوچا کہ موجودہ حملے سے کس طرح محفوظ رہا جائے بلکہ یہ بھی مد نظر ہے کہ آئندہ نتائج سے بھی جماعت کو بچایا جائے۔گو یہ بات بھی ہے کہ بعض طبعی نتائج ایسے ہو سکتے ہیں جن کے لئے ہمیں مزید تدابیر اختیار کرنی پڑیں مگر یہ دور کی باتیں ہیں اس لئے ابھی میں ان کو چھوڑتا ہوں۔کھانے کے متعلق میں نے بعض ہدایات دی تھیں۔اس بارہ میں بعض سوالات کئے گئے ہیں ان کا اب جواب دیتا ہوں تا دوسرے لوگ بھی واقف ہو جائیں۔80