تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد اول۔ 1934 تا 1939) — Page 684
اقتباس از خطبه جمعه فرمودہ 27 جنوری 1939ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد اول پس قادیان کے دوستوں کو بھی اور باہر والوں کو بھی میں ایک دفعہ متوجہ کرتا ہوں کہ بہت تھوڑے دن باقی رہ گئے ہیں۔بعد میں بیسیوں لوگ خط لکھتے ہیں کہ ہم سے غلطی ہوگئی معاف کر دیں اور وعدہ قبول کر لیں حالانکہ جب ہم نے ایک قانون بنا دیا تو معافی کے کیا معنی؟ پس جنہوں نے بعد میں معافی مانگنی ہے ، وہ ابھی ہوشیار ہو جائیں۔اس سال چونکہ اس سکیم کی پوری وضاحت کر دی گئی ہے۔اس لئے آئندہ کوئی نیا وعدہ قبول نہیں کیا جائے گا سوائے ان کے جو ثابت کر دیں گے کہ وہ نئے احمدی ہوئے ہیں یا بے کار تھے۔مثلاً کوئی اب طالب علم ہے اور اگلے سال کام پر لگے یا جن کو اس تحریک کا پہلے علم نہیں ہوا تھا۔بیسیوں ایسے لوگ ہیں جو اس سال لکھتے ہیں کہ پہلے ہم نے حصہ نہیں لیا تھا مگر اب اس سکیم کی اہمیت ہم پر واضح ہوگئی ہے اس لئے شامل ہونا چاہتے ہیں۔اس سال تو میں نے ایسے لوگوں کو اجازت دے دی ہے مگر آئندہ سال نہیں دی جائے گی کیونکہ اب اس کی پوری وضاحت کر چکا ہوں سوائے ان کے جو ثابت کر دیں گے کہ وہ نئے احمدی ہوئے ہیں یا پہلے کوئی آمد نہ رکھتے تھے یا ان کو اس تحریک کا علم ہی نہیں ہوا۔ایسے لوگوں کے سوا کسی احمدی کا وعدہ قبول نہ کیا جائے گا خواہ وہ کتنی منتیں کیوں نہ کرے۔جو اس سال شامل ہوگا وہی آئندہ شامل ہو سکے گا کیونکہ وہی اس قابل ہے کہ اس کا نام تاریخ میں محفوظ رہے۔پس یہ آخری اعلان ہے جس سے دوستوں کو پورا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ممکن ہے کہ بعض جماعتوں کے سیکرٹری یا پریزیڈنٹ ستی کر رہے ہوں اور دوست سمجھتے ہوں کہ ہمارے وعدے پہنچ چکے ہیں۔دفتر کو چاہئے کہ ایسے مقامات پر کئی لوگوں کو اطلاع بھیج دے کہ ان کے وعدے تاحال نہیں پہنچے اور جن کو وعدوں کی منظوری کی اطلاع دفتر سے نہیں پہنچی ان کو بھی چاہئے کہ اچھی طرح اطمینان کر لیں۔ایسا نہ ہو کہ رہ جائیں۔ابھی وقت ہے کہ اصلاح کر لیں لیکن اگر انہوں نے نہ کرائی تو پھر یہ عذر نہیں سنا جائے گا کہ ہم نے تو وعدہ بھیج دیا تھا۔سیکرٹری یا پریزیڈنٹ پر ذمہ داری ہے۔یہ تحریک چونکہ طوعی ہے اس لئے ہر فرد براہ راست ذمہ دار ہے۔پس ہر فرد کو یہ اچھی طرح یاد رکھنا چاہئے کہ صرف انہی کے وعدے قبول کئے جائیں گے جو وقت پر پہنچا دیں گے۔اگر کسی جماعت کے سیکرٹری یا پریذیڈنٹ ستی کرتے ہیں تو دوستوں کو چاہئے کہ خود براه راست وعدے بھیج دیں اور اگر انہوں نے خود بھی نہ بھیجے تو ہم یہی سمجھیں گے کہ عہدیداروں کی ستی میں وہ خود بھی شامل ہیں۔684