خلفاء احمدیت کی تحریکات اور ان کے شیریں ثمرات — Page 548
548 آنا ہے وہ کافی قیمتی ہے۔میں نے انہیں کہا ہے کہ جیسے جیسے رقم کا انتظام ہوتا جائے گا یہ فیرز (Phases) میں خریدیں۔لیکن ابتدائی کام کے لئے بھی کافی بڑی رقم کی ضرورت ہے۔اس لئے میں احمدی ڈاکٹروں سے خصوصاً کہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ لوگوں پر بڑا فضل فرمایا ہے اور خاص طور پر امریکہ اور یورپ کے جو ڈاکٹر صاحبان ہیں۔اسی طرح پاکستان میں بھی بعض ایسے ڈاکٹر ز ہیں جو مالی لحاظ سے بہت اچھی حالت میں ہیں۔اگر آپ لوگ خدا کی رضا حاصل کرنے اور غریب انسانیت کی خدمت کے لئے اس ہارٹ انسٹیٹیوٹ کو مکمل کرنے میں حصہ لیں تو یقینا آپ ان لوگوں میں شامل ہوں گے جن کو خدا بے انتہا نوازتا ہے اور ان کے اس فعل کا اجر اس کے وعدوں کے مطابق خدا کے پاس بے انتہا ہے۔کوشش کریں کہ جو وعدے کریں انہیں جلد پورا بھی کریں۔اس ادارے کو مکمل کرنے کی میری بھی شدید خواہش ہے۔کیونکہ میرے وقت میں شروع ہوا اور انشاء اللہ تعالی، اللہ تعالیٰ سے امید ہے وہ خواہش پوری کرے گا جیسا کہ وہ ہمیشہ کرتا آیا ہے۔اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کو یہ موقع دے رہا ہے کہ اس نیک کام میں ، اس کار خیر میں حصہ لیں اور شامل ہو جائیں اور اس علاقے کے بیمار اور دکھی لوگوں کی دعائیں لیں۔آجکل دل کی بیماریاں بھی زیادہ ہیں۔ہر ایک کو علم ہے کہ ہر جگہ بے انتہا ہو گئی ہیں اور پھر علاج بھی اتنا مہنگا ہے کہ غریب آدمی تو افورڈ (Afford) کرہی نہیں سکتا۔ایک غریب آدمی تو علاج کروا ہی نہیں سکتا۔پس غریبوں کی دعائیں لینے کا ایک بہترین موقع ہے جو اللہ تعالیٰ آپ کو دے رہا ہے۔اس سے فائدہ اٹھا ئیں۔۔۔۔جہاں تک انسٹیٹیوٹ کے لئے ڈاکٹرز کا تعلق ہے، ہمارے امریکہ کے ایک ڈاکٹر نے مستقل وقف کیا ہے۔انشاء اللہ تعالیٰ وہ جلد ربوہ پہنچ جائیں گے۔دوسرے یہاں بھی بعض نوجوان واقفین زندگی ڈاکٹر ز تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو اپنی تعلیم مکمل ہونے پر وہاں چلے جائیں گے۔اور پاکستان میں بھی بعض نوجوان ہیں جنہوں نے وقف کیا ہے ٹریننگ لے رہے ہیں۔اور اسی طرح ڈاکٹر نوری صاحب کی سرپرستی میں انشاء اللہ یہ ادارہ چلتا رہے گا۔اللہ تعالیٰ ان کی عمر اور صحت میں بھی برکت ڈالے۔اور پھر یہ ادارہ مکمل ہونے کے بعد میں دوسرے سپیشلسٹ ڈاکٹروں سے بھی کہوں گا کہ وہ بھی وقف عارضی کر کے یہاں آیا کریں۔اللہ تعالیٰ ، انشاء اللہ ان کی قربانیوں کے بدلے ضرور دے گا، اجر ضرور دے گا۔اور دعا کرتے رہیں ، اللہ تعالیٰ اس ادارے کو بہت کامیاب ادارہ بنائے۔(الفضل 6 دسمبر 2005ء)