تاریخ احمدیت (جلد 24)

by Other Authors

Page iii of 963

تاریخ احمدیت (جلد 24) — Page iii

پیش لفظ تاریخ احمدیت کو چوبیسویں جلد احباب جماعت کی خدمت میں پیش ہے۔یہ جلد سال ۱۹۶۷ء اور ۱۹۶۸ء کے تاریخی حالات پرمشتمل ہے۔یہ سال خلافت ثالثہ کے ابتدائی زمانہ کے ہیں۔خاص طور پر ۱۹۶۷ء کا سال جماعتی زندگی میں ایک نہایت اہمیت کا سال تھا جس میں حضرت خلیفہ اسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے بلا دغربیہ کا نہایت کامیاب اور عظیم الشان تاریخی دورہ فرمایا۔اس سفر میں حضور انور جرمنی، سوئٹزرلینڈ، ہالینڈ اور ڈنمارک کے ممالک میں تشریف لے گئے اور اسی سفر میں لجنہ اماءاللہ مرکزیہ کے چندہ سے تعمیر کی گئی مسجد، مسجد نصرت جہاں کو پن ہیگن کا افتتاح بھی فرمایا۔اس کے علاوہ اہل مغرب کو ایک تاریخی انتباہ فرمایا۔جس میں آپ نے مغرب کو اسلام کے دامن میں پناہ لینے اور حق و صداقت کو قبول کرنے کا پیغام دیا تا کہ وہ آنے والی خوفناک تباہی سے بچ سکیں۔یہ ایک نہایت جلالی خطاب تھا جس نے اہلِ مغرب کو ہلا کر رکھ دیا۔اس پیغام کو بعنوان ”امن کا پیغام اور ایک حرف انتباہ چھاپ کر وسیع پیمانے پر شائع کیا گیا۔اس کے علاوہ جلسہ ہائے سالانہ کی مکمل روئداد مجلس مشاورت ، ذیلی تنظیموں کے اجتماعات اور بیرونی ممالک میں جماعتی مساعی کے علاوہ دیگر بہت سے نادر و نایاب واقعات کا ذکر بھی موجود ہے۔سال ۱۹۶۸ ء کو ایک غیر معمولی اہمیت حاصل ہے کہ اس سال دو جلسہ ہائے سالانہ کا انعقاد ہوا۔جنوری میں ایک جلسہ جو ۱۹۶۷ء کا ملتوی کر دہ تھا اور دوسرا دسمبر میں جو خود ۱۹۶۸ء کا تھا۔اسی طرح صحابہ کرام کے حالات زندگی اور بعض مخلصین سلسلہ کا ذکر خیر ہے۔نیز بہت سی تاریخی اور نادر تصاویر بھی شامل اشاعت کی گئی ہیں۔اس جلد کی تیاری میں فائلوں میں موجود مواد سے ایک حصہ منتخب کر کے لیا گیا ہے اور پھر مربیان کرام کی ایک ٹیم نے ان حوالہ جات کی تصدیق کے علاوہ مختلف واقعات کی جانچ پڑتال کی اور جہاں ضرورت سمجھی گئی وہاں واقعات کے پس منظر و پیش منظر کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ از سر نو روز نامہ افضل ہفت روزہ بدر، ماہنامہ خالد، تخمیذ الاذہان، انصار الله، الفرقان ،تحریک جدید، مجلہ ہائے جامعہ، اب تک شائع شدہ اضلاع کی تاریخ احمدیت ، جماعتی سود بیٹر اور جامعہ کے مقالہ جات وغیرہ سے استفادہ کر کے اس جلد کے لئے مواد جمع کیا گیا ہے۔