تاریخ احمدیت (جلد 23) — Page 78
تاریخ احمدیت۔جلد 23 78 سال 1965ء چھمب جوڑیاں کے اس فاتح کے ساتھ بعد میں جو کچھ ہوا اس کو دہرانے کی ضرورت نہیں وہ سب کے سامنے ہے بہر حال ان کو ستمبر ۱۹۶۵ء کے شروع میں جومشن سونپا گیا تھا اس میں وہ کامیاب اور سرخرو ہوئے۔جنگ کے بعد ان کی خدمات سینٹو کے سپر د کر دی گئیں اور وہ اپنے فرائض ادا کرنے کے لئے ترکی چلے گئے۔47 56۔پروفیسر خان زمان مرزا نے اخبار جنگ لاہور مورخہ ۱۲ اپریل ۱۹۸۳ء صفحہ ۳ میں فاتح چھمب و جوڑیاں میجر جنرل اختر حسین ملک کی فاتحانہ پیشقدمی اور پاکستان کے اس مایہ ناز جنگی ہیرو کے خلاف کی جانے والی افسوسناک سازش پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھتے ہیں :۔وادی کشمیر میں اور مقبوضہ کشمیر میں ہر جگہ مسلمانوں نے گوریلوں سے بھر پور تعاون کیا تھا جہاں تک حصول مقصد میں ناکامی کا تعلق ہے اس کی ذمہ داری مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر عائد کرنا نا انصافی کے مترادف ہوگا یہ کہنا بھی حقائق پر مبنی نہیں ہے کہ گوریلوں کو کشمیریوں سے وہ تعاون نہ ملا جس کی توقع تھی بلکہ یہ کہنا بے جانہ ہوگا کہ جب پاک اور آزاد افواج جنرل اختر حسین ملک کی کمان میں فتح چھمب کے بعد جوڑیاں کی طرف فاتحانہ پیش قدمی کر رہی تھیں تو جنرل ملک کو منظر سے ہٹا دیا گیا۔تاریخ کا ایک ادنیٰ طالب علم بھی اس بات کا بخوبی اندازہ لگا سکتا ہے کہ دوران جنگ کمان تبدیل کرنے سے فوج کے مورال پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔فتح چھمب کے بعد بھارتی افواج افراتفری کا شکار ہو گئیں اور ان کے حوصلے پست ہو چکے تھے اور غیر مسلم آبادی ہزاروں کی تعداد میں جموں کی طرف بھاگنے کے لئے بڑی شاہراہوں پر اکٹھی ہو چکی تھی جنرل اختر حسین ملک کی بجائے کمان جنرل یحیی خان کے حوالے کی گئی انہوں نے دو قیمتی دن عیش و عشرت میں ضائع کر دیئے جس کے دوران بھارتی افواج کو دفاعی پوزیشن مضبوط کرنے کا موقع مل گیا حالانکہ فتح چھمب کے بعد جموں کو جانے والی سڑک کا کوئی دفاع نہ تھا۔اس ضمن میں یہ بتانا بھی بے جانہ ہوگا کہ قصبہ اکھنور جس پر قبضہ کرنے کے لئے چھمب جوڑیاں میں کارروائی کی گئی تھی دشمن کی پسپائی کے دوران کئی دنوں تک بغیر دفاع کے خالی پڑا رہا جس پر بھارتی فوج کے کمانڈروں نے حیرانی کا اظہار کیا تھا اس بات کے شواہد ایک بھارتی فوجی کمانڈر کی ڈائری کے ذریعے منظر عام پر آئے تھے کشمیر کے محاذ پر جنرل اختر حسین ملک کی جگہ جنرل یحیی خان کو کمان تفویض کرنے کے مضمرات کے بارے میں جسٹس یوسف صراف رقمطراز ہیں۔