حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے تعلق باللہ کے واقعات

by Other Authors

Page 33 of 119

حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے تعلق باللہ کے واقعات — Page 33

حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے تعلق باللہ کے واقعات خدا تعالیٰ بہتر بدلہ دے گا حضرت خلیفہ امسیح الاول بیان کرتے ہیں کہ : میرے بہت سے لڑکے مرے۔جب کوئی لڑکا مرتا تو میں یہی سمجھتا کہ اس میں کوئی نقص ہوگا۔خدا تعالیٰ اس سے بہتر بدلہ دے گا۔خدا تعالیٰ کی نعمتوں سے مایوس ہونا تو کافروں کا کام ہے۔خدا تعالیٰ کی نعمتوں کی جب قدر نہیں کی جاتی تو وہ نعمتیں چھن جاتی ہیں۔اللہ تعالیٰ کی نعمتیں جاتی ہی نہیں مگر نا شکری سے۔جب نعمت چلی جائے تو آدمی مایوس نہ ہو۔ڈپلومہ پر بھروسہ نہیں حضرت خلیفہ المسیح الاول " فرماتے ہیں: (مرقاة الیقین فی حیاة نور الدین صفحہ 207) یہ بھی ایک شرک ہے کہ آدمی ڈپلومے یا سند پر بھروسہ کرے۔ایک مرتبہ ایک شخص نے جو افسر مدارس تھا اور میں بھی پنڈ دادنخاں میں مدرس تھا۔مجھ سے کسی بات پر کہا کہ آپ کو ڈپلومے کا گھمنڈ ہے۔میں نے اپنے آدمی سے کہا۔ڈپلومہ لاؤ جس کو یہ خدا سمجھے ہوئے ہے وہ ہمارے پاس بھی ایک ہے۔منگا کر اسی وقت اس کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔وہ آدمی بڑا حیران ہوا۔مجھ سے کہا آپ کو کوئی جوش ہے؟ میں نے کہا نہیں۔کہا کوئی رنج ہے؟ میں نے کہا نہیں۔آپ نے اس کو باعث غرور و تکبر موجب روزی سمجھا ہے۔میں نے اس کو پارہ کر کے دکھایا ہے کہ میرا ان چیزوں پر بحمد للہ بھروسہ نہیں۔(مرقاة الیقین فی حیاة نور الدین صفحه 209) 33