تبلیغِ ہدایت

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 32 of 275

تبلیغِ ہدایت — Page 32

کر رہے ہیں۔کیا مطلق جگہ چھوڑ جانے کی یا وفات کے ذریعہ اس جہانِ فانی سے گذر جانے کی؟ کیونکہ خلا کے دو معنی ہی ہیں جو لغت ہمیں بتاتی ہے یعنی جگہ چھوڑ جانا اور فوت ہو جانا۔مخالفین کے معنوں پر تو ہمیں سند لانے کی ضرورت نہیں مگر اس بات کے ثبوت میں کہ خلا کے معنے فوت ہو جانے کے بھی ہیں ملاحظہ ہو لغت کی مشہور کتاب تاج العروس جہاں لکھا ہے خلافلان اذامات۔یعنی ” جب خلافلان کہا جاوے تو اس کے یہ معنے ہوتے ہیں کہ فلاں شخص وفات پا گیا۔اب ہم آیت زیر بحث پر نظر ڈالتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ سیاق وسباق صاف ہمارے معنوں کی تائید کرتا ہے خدا فرماتا ہے قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِهِ الرُّسُلُ أَفَإِنْ مَاتَ أَوْ قُتِلَ۔یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے جتنے رسول بھی ہوئے ہیں وہ فوت ہو چکے ہیں تو کیا اگر محمد رسول اللہ بھی وفات پا جائیں یا قتل کر دیئے جائیں تو تم اسلام سے پھر جاؤ گے؟ اس آیت میں یہ الفاظ کہ أَفَإِنْ مَاتَ اَوْ قُتِل صاف بتا رہے ہیں کہ گذشتہ نبی یا تو طبعی موت کے ذریعہ فوت ہوتے رہے ہیں یا قتل کے ذریعہ اس جہان کو چھوڑتے رہے ہیں۔یعنی ان کا اس دنیا کو چھوڑ نا صرف ان ہی دوطریقوں پر ہوتا رہا ہے۔اب اگر گذشتہ نبیوں میں سے کوئی ایک نبی بھی آسمان کی طرف اُٹھایا گیا ہوتا یا مذکورہ طریقوں کے سوا کسی اور طریق پر کسی نبی کا گذر جانا وقوع میں آیا ہوتا تو اللہ تعالیٰ ضرور اس جگہ اس صورت کا ذکر فر ما تا یا کم از کم مسیح کی استثنائی صورت ہی بیان کر دی جاتی لیکن ایسا نہیں کیا گیا بلکہ خدا نے صرف طبعی موت اور قتل والی ہی دو صورتیں بیان فرمائی ہیں جس سے صاف ظاہر ہے کہ اس آیت میں خلا کے معنے یا تو طبعی موت سے مرنے کے لئے جاویں گے اور یا قتل کے ذریعہ اس جہان فانی کو چھوڑ جانے کے لیکن چونکہ دوسری جگہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح کے متعلق قتل کی نفی فرمائی ہے۔(سورۂ نساء ع ۲۲) اس لئے ثابت ہوا کہ مسیح نے اپنی طبعی موت سے وفات پائی۔مفسرین نے بھی اس جگہ خلا کے معنے وفات پا جانے کے کئے ہیں۔چنانچہ اس آیت کی تفسیر میں وہ لکھتے ہیں ويخلو کما خلوا بالموت او القتل۔یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی اسی طرح اس دار فانی کو چھوڑ جائیں گے جس طرح کہ دوسرے انبیا طبعی موت کے ذریعہ یاقتل کے ذریعہ دنیا کو چھوڑ گئے۔مثلاً دیکھو تفسیر قوی علی البیضاوی جلد ۳و تفسیر خازن جلد۱) 32