سوشل میڈیا (Social Media)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 43 of 130

سوشل میڈیا (Social Media) — Page 43

موجودہ دور میں ماؤں کی ذمہ داری حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطاب میں لجنہ اماء اللہ کی ممبرات کو عبادالرحمن کی علامات بتاتے ہوئے لغویات سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا: آگے اللہ تعالیٰ ایک جگہ پھر فرماتا ہے کہ لغویات سے مومن پر ہیز کرتا ہے۔ایک اور نشانی یہ ہے لغویات کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنا وقار رکھتے ہوئے ، یہ سمجھتے ہوئے کہ ہم احمدی ہیں، ہمارا کام نہیں کہ دنیا کی لغویات اور فضولیات میں پڑیں، اُن سے بچتے ہوئے گزر جاتے ہیں۔مثلاً آج کل مختلف ٹیلی وژن چینل ہیں جن میں انتہائی لغو اور بیہودہ پروگرام دکھائے جاتے ہیں۔پھر بعض دفعہ بعض اچھے پروگرام بھی آرہے ہوتے ہیں لیکن ان کے درمیان میں انتہائی بیہودہ اور لغو اشتہارات شروع ہو جاتے ہیں۔تو ہر احمدی کو چاہیئے، چاہے وہ بچی ہے،لڑکی ہے یا عورت ہے یا مرد ہے، اُس کا یہ کام ہے کہ اگر ایسے پروگرام آرہے ہوں یا کسی بھی قسم کی ایسی تصویر نظر آئے تو فوراً اسے بند کر دیں۔اور جیسے میں بات کر رہا ہوں کہ اشتہار بیچ میں آجاتے ہیں تو اُن کو بھی نہیں دیکھنا چاہئے اور جو بیہودہ پروگرام میں اُن کے تو قریب بھی ایک احمدی بچی کو، ایک احمدی لڑکی کو، ایک احمدی عورت کو نہیں جانا چاہئے۔43