سلسلہ احمدیہ

by Other Authors

Page 761 of 938

سلسلہ احمدیہ — Page 761

761 ہیجان پیدا کرتا ہے کہ وہ دوسرے انسانوں سے نفرت کریں۔میں آپ کو مذہب سے محبت کی طرف دعوت نہیں دے رہا۔خدا سے پیار کریں یہی سب سے محفوظ راستہ ہے۔جب آپ خدا سے سچا پیار کریں گے تو پھر خدا خود آپ کی کسی مذہب کی طرف راہنمائی کرے گا۔پس آپ کو اس کی پیروی پیار کے ساتھ کرنی چاہیے، نہ کہ جبر کے ساتھ۔پس آج کی دنیا کا ہر جگہ یہی معمہ ہے۔مسلم دنیا کا بھی اور عیسائی دنیا کا بھی کہ مذہب سب سے زیادہ اہمیت حاصل کر گیا ہے اور خدا اور انسان کے درمیان روک بن گیا ہے۔میں آپ کو مذہب کی طرف دعوت نہیں دے رہا، نہ اپنے نہ کسی اور کے۔بلکہ پہلے سبق کے طور پر آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ خدا کی طرف رجوع کریں۔یہ مشکل بات نہیں بلکہ یہ بہت ہی خوش آئند اور رفعتیں عطا کرنے والی بات ہے۔جب آپ کوئی خوشی محسوس کرتے ہیں تو بعض اوقات سوچتے ہوں گے یہ خوشی اور اس کو محسوس کرنے کی صلاحیت، سیکھنے کی صلاحیت، جاننے کی صلاحیت، سمجھنے کی صلاحیت آپ کی پیداوار نہیں بلکہ یہ کوئی بالا ہستی ہے جس نے آپ میں ضمیر پیدا کیا ہے اور حواس خمسہ عطا کئے ہیں۔اور کوئی ارتقائی نظریہ بھی یہ نہیں سمجھا سکتا کہ یہ حواس خمسہ کیسے پیدا ہوئے ؟ اور یہ پیغام کس طرح برقی جنبشوں میں تبدیل ہوتے ہیں؟ اور پھر وہ ایسی چیزوں سے سمجھے جاتے ہیں جن کو ہم جانتے ہیں، نہ چھو سکتے ہیں۔پس آپ ان سب چیزوں کی گہرائیوں میں اتریں اور ان پر مزید غور کریں تو یہ آپ کو خدا کی طرف لے جائیں گے۔آپ تب ہی خدا کے شکر گزار بن سکتے ہیں جب آپ اس کی مخلوق سے بے حد محبت کرنے والے ہوں۔آپ میں سے جو خدا سے پیار کرنا سیکھ لیں گے وہی لوگوں کو سلامتی اور نجات کی طرف لے کر جا سکیں گے۔اگر آپ یہ نہیں کریں گے تو مادہ پرستی آپ کو نہیں بچا سکے گی۔یہی میری خواہش اور یہی میری دعا ہے۔اس کے ساتھ میں آپ سے اجازت چاہوں گا۔واقعہ میں گوئٹے مالن لوگوں کو پسند کرتا ہوں۔میں نے کافی عرصہ ان حسین یادوں سے گزارا جو اپنے گزشتہ دورہ میں یہاں سے لے کر گیا تھا۔اب بھی میں آپ کی دوستی اور گرم جوشی کی حسین یادیں لے کر واپس لوٹوں گا۔