سلسلہ احمدیہ

by Other Authors

Page 328 of 938

سلسلہ احمدیہ — Page 328

328 ان دونوں ممالک کو بالخصوص اور تمام مسلمان حکومتوں کو بالعموم تنازعات کو حل کرنے کے بارہ میں نصیحت کی۔اور اس کے ساتھ ہی خلیجی بحران اور اس کے مہلک مضمرات کے حوالہ سے خطبات کی ایک سیریز کا آغاز ہوا۔اور آپ نے سترہ خطبات جمعہ میں اس ہولناک جنگ کے پس پردہ عوامل اور مہلک مضمرات کے علاوہ عالم اسلام پر مرتب ہونے والے اس کے دوررس اثرات کا نہایت گہری نظر سے تجزیہ فرمایا اور صیہونیت اور مغربی طاقتوں کی ان خطرناک سازشوں سے پردہ اٹھا یا جو وہ عالم اسلام کے خلاف کر رہے ہیں۔آپ نے امت مسلمہ کو ان مہیب خطرات سے بھی متنبہ فرمایا جو مستقبل میں انہیں پیش آسکتے ہیں اور دردمندانہ دل کے ساتھ ایسی بیش قیمت نصائح سے نوازا جن پر عمل پیرا ہونے سے دین اور دنیا دونوں سُدھر سکتے ہیں۔حضور رحمہ اللہ نے اپنے خطبات میں واضح فرمایا کہ دنیا میں پائیدار امن اور بنی نوع انسان کی حقیقی آزادی اور خوشحالی کی ضمانت صرف وہ نظام دے سکتا ہے جس کی بنیاد قرآن کریم کے پیش کردہ نظام عدل پر ہو۔امریکہ کا پیش کردہ New world order اس کی ضمانت نہیں دے سکتا کیونکہ اس کی بنیاد تقویٰ اور عدل پر نہیں بلکہ خود غرضی، برتری کے احساس اور اخلاق سے عاری سیاست پر ہے۔اس کے ہاں انصاف کے دوہرے معیار کار فرما ہیں اور وہ اقوام متحدہ کی تنظیم کو اپنے استعماری مقاصد کے لئے استعمال کر رہا ہے جبکہ وہ خود صیہونیت اور اسرائیل کا آلہ کار بنا ہوا ہے۔آپ نے نہ صرف عالم اسلام اور تیسری دنیا کو بلکہ امن عالم کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے کے لئے دنیا کی بڑی طاقتوں اور ان کے رہنماؤں کو بھی مشوروں سے نوازا۔آپ نے ان نصائح اور مشوروں کو نظر انداز کرنے کی صورت میں جن ہولناک اور تباہ کن حالات سے خبر دار کیا تھا افسوس ہے کہ ان نصائح پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ایک دفعہ پھر خلیج کی جنگ پہلے سے بھی زیادہ خطرناک صورت میں رونما ہوئی اور یہ خطہ آج تک لہو رنگ ہے اور نہ صرف وہاں پر امن کا فقدان ہے بلکہ اس کے اثرات ساری دنیا میں پھیل چکے ہیں۔