سلسلہ احمدیہ — Page 494
494 دیکھنا چاہئے کہ اس وقت کے باقی مسلمان فرقوں اور سیاسی اور غیر سیاسی تنظیموں کا اور مسلمانوں کا بالعموم کیا موقف تھا۔کیا وہ اس وقت یہ سمجھتے تھے کہ ہندوستان کی انگریز حکومت سے بغاوت کرنا ان کے مفاد میں ہے یا وہ یہ سمجھتے تھے اس حکومت سے تعاون کرنا اور قانون کی حدود میں رہنا ان کے مفاد ات کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جیسا کہ بعد کے حالات نے ثابت کیا کہ صرف ایک سیاسی جماعت تھی جسے ہندوستان کے مسلمانوں کی نمائندہ سیاسی جماعت کہا جا سکتا تھا اور وہ مسلم لیگ تھی۔اس کے طے کردہ اغراض و مقاصد پڑھ لیں تو بات واضح ہو جاتی ہے۔ان میں سے پہلا مقصد ہی یہ تھا کہ ہندوستان کے مسلمانوں میں انگریز حکومت سے وفاداری کے خیالات میں اضافہ کیا جائے اور انہیں قائم رکھا جائے۔اس کا حوالہ ہم پہلے ہی درج کر چکے ہیں۔اب یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ اس وقت ہندوستان کے مسلمانوں نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ہمارا مفاد اسی میں ہے کہ ہم حکومت سے تعاون کریں اور وفاداری کا رویہ دکھائیں بلکہ جیسا کہ پہلے حوالے گزر چکے ہیں وہ تو حکومت سے پرزور مطالبات کر رہے تھے کہ باغیانہ طرز دکھانے والوں کو طاقت کے ذریعہ دبائے اور ان کے جلسوں میں یہ اعلان ہوتا تھا کہ ہم نے تو کبھی حکومت سے مستحکم عقیدت میں کبھی پس و پیش کیا ہی نہیں۔اس پس منظر میں یہ اعتراض ہی نا معقول ہے کہ جماعت احمدیہ نے انگریز حکومت سے تعاون کیوں کیا ؟ اور ان کی تعریف کیوں کی ؟ سوال تو یہ اُٹھنا چاہئے کہ ہندوستان کے تمام مسلمانوں نے خود مسلم لیگ نے ، ان کے بڑے بڑے علماء نے انگریز حکومت سے وفاداری کا بار بار اعلان کیوں کیا ؟ اس لیے کہ ان کے آنے سے قبل خاص طور پر اس علاقہ میں جواب پاکستان ہے مسلمان بہت پسی ہوئی حالت میں زندگی گزار رہے تھے اور ان کی مذہبی آزادی بالکل سلب کی جا چکی تھی اور انگریزوں کی مستحکم حکومت قائم ہونا ان کے حقوق کی بحالی کا باعث بنا تھا۔ہندوستان کے مسلمانوں کی غالب اکثریت کو انگریزوں سے جہاد کا خیال ۱۹۴۷ء کے بعد آیا تھا جب انگریز برصغیر سے رخصت ہو چکا تھا۔اس سے قبل تو ہندوستان کے لاکھوں مسلمان اور ہندوستان کے دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے بھی، پہلی اور دوسری جنگ عظیم کے موقع پر فوج میں بھرتی ہو کر انگریزوں کی فوج میں شامل ہو کر ان کی طرف سے جنگ کرنے کے لیے جاتے تھے۔بہر حال اسی موضوع پر بات ہو رہی تھی کہ وقفہ ہوا اور وقفہ کے بعد دوبارہ اسی موضوع پر گفتگو