سلسلہ احمدیہ

by Other Authors

Page 207 of 766

سلسلہ احمدیہ — Page 207

207 ہیں۔چنانچہ میں نے تمام دوستوں کو جنہوں نے خطوط اور تاروں کے ذریعہ مخلصانہ جذبات کا اظہار کیا اور ان کو بھی جو میرے پاس آئے یہی سمجھایا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عقل وفراست عطا فرمائی ہے اور عزت اور احترام کا مقام بخشا ہے۔پس عقل وفراست اور عزت واحترام کا یہ مقام جو خدا تعالیٰ نے اپنے فضل سے ہمیں مرحمت فرمایا ہے، یہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم پورے اور صحیح حالات کا علم حاصل کیے بغیر منہ سے کچھ نہ کہیں۔اس قرارداد کے الفاظ کیا ہیں۔قرارداد پاس کرنے والوں میں کون کون شامل ہے۔یہ خبر اخباروں میں نمایاں طور پر کیوں آئی سوائے پاکستان ٹائمنر کے جس نے پانچویں صفحے پر شائع کی لیکن چوکٹھا بنا کر گویا اس نے بھی اس کو نمایاں کر دیا۔جب تک اس کے متعلق ہمیں علی وجہ البصیرت کوئی علم نہ ہو اس وقت تک ہم اس پر کوئی تنقید نہیں کر سکتے۔میں نے دوستوں سے کہا ، ہم حقیقت حال کا پتہ کریں گے اور پھر اس کے متعلق بات کریں گے۔‘ (۱۰) حضور نے اس خطبہ جمعہ میں اس قرارداد کے پاس ہونے کے صحیح حالات بیان فرمائے اور جس طرح اخبارات نے اس خبر کو شائع کیا اس کا تجزیہ بیان فرمایا۔حضور نے کشمیر اسمبلی کی قرارداد کی حقیقت بیان کرتے ہوئے فرمایا۔پس اگر نو یا بارہ آدمیوں نے اس قسم کی قرارداد پاس کر دی تو خدا کی قائم کردہ جماعت پر اس کا کیا اثر ہوسکتا ہے۔اس کے نتیجہ میں جو خرابیاں پیدا ہوسکتی ہیں وہ یہ نہیں کہ جماعتِ احمد یہ غیر مسلم بن جائے گی۔جس جماعت کو اللہ تعالیٰ مسلمان کہے اسے کوئی ناسمجھ انسان غیر مسلم قرار دے تو کیا فرق پڑتا ہے۔اس لیے ہمیں اس کا فکر نہیں ہمیں فکر ہے تو اس بات کا کہ اگر یہ خرابی خدانخواستہ انتہاء تک پہنچ گئی تو اس قسم کے فتنہ وفساد کے نتیجے میں پاکستان قائم نہیں رہے گا۔اس لیے ہماری دعائیں ہیں ہماری کوششیں ہیں اور ہمارے اندر حب الوطنی کا یہ جذبہ موجزن ہے کہ کسی قسم کا کوئی بھی فتنہ نہ اُٹھے کہ جس سے خود پاکستان کا وجود خطرے میں پڑ جائے۔آخر فتنہ وفساد یہی ہے نا کہ کچھ سرکٹیں گے، کچھ لوگ زخمی ہوں گے۔کون ہوں گے کیا ہوگا، یہ تو اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے لیکن جب اس قسم کا فساد ہوگا تو دنیا میں ہماری ناک کٹے گی ، ہر جگہ پاکستان کی بدنامی ہوگی۔(۱۱)