سلسلہ احمدیہ

by Other Authors

Page 95 of 753

سلسلہ احمدیہ — Page 95

95 اللہ تعالیٰ کی حکمت ایک ایسے عظیم الشان نشان ظاہر کرنا چاہتی تھی جو تمام دنیا کے لئے رحمت کا نشان ہو۔چنانچہ ۱۸۸۶ء کے شروع میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام ہوشیار پور تشریف لے گئے اور آپ نے خلوت میں چالیس روز عبادت اور ذکر الہی کرتے ہوئے گزارے۔ان ایام میں آپ پر بہت سے انکشافات ہوئے۔اور ان انکشافات کے علاوہ آپ کو ایک عظیم الشان بیٹے کی خوشخبری بھی دی گئی۔اس پیشگوئی کے الفاظ یہ تھے میں تجھے ایک رحمت کا نشان دیتا ہوں اسی کے موافق۔جو تو نے مجھ سے مانگا۔۔۔سو قدرت اور رحمت اور قربت کا نشان تجھے دیا جاتا ہے۔فضل اور احسان کا نشان تجھے عطا ہوتا ہے اور فتح اور ظفر کی کلید تجھے ملتی ہے۔اے مظفر تجھ پر سلام خدا نے یہ کہا تا وہ جو زندگی کے خواہاں ہیں موت کے پنجہ سے نجات پاویں اور جو قبروں میں دبے پڑے ہیں باہر آویں اور تا دینِ اسلام کا شرف اور کلام اللہ کا مرتبہ لوگوں پر ظاہر ہو اور تا حق اپنی تمام برکتوں کے ساتھ آجائے اور باطل اپنی تمام نحوستوں کے ساتھ بھاگ جائے اور تالوگ سمجھیں کہ میں قادر ہوں جو چاہتا ہوں کرتا ہوں اور تا وہ یقین لائیں کہ میں تیرے ساتھ ہوں اور تا اُنھیں جو خدا کے وجود پر ایمان نہیں لاتے اور خدا کے دین اور اسکی کتاب اور اس کے پاک رسول محمد مصطفے کو انکار اور تکذیب کی راہ سے دیکھتے ہیں ایک کھلی نشانی ملے اور مجرموں کی راہ ظاہر ہو جائے۔سو مجھے بشارت ہو کہ ایک وجیہہ اور پاک لڑکا تجھے دیا جائیگا۔ایک زکی غلام (لڑکا) تجھے ملے گا وہ لڑکا تیرے ہی تخم سے تیری ہی ذریت ونسل ہو گا۔خوبصورت پاک لڑکا تمہارا مہمان آتا ہے اسکا نام عنمو ائیل اور بشیر بہی ہے۔اس کو مقدس روح دی گئی ہے اور وہ رجس سے پاک ہے۔وہ نوراللہ ہے مبارک وہ جو آسمان سے آتا ہے اسکے ساتھ فضل ہے جو اسکے آنے کے ساتھ آئیگا وہ صاحب شکوہ وعظمت و دولت ہو گا وہ دنیا میں آئے گا اور اپنے مسیحی نفس اور روح الحق کی برکت سے بہتوں کو بیماریوں سے صاف کریگا۔وہ کلمۃ اللہ ہے کیونکہ خدا کی رحمت اور غیوری نے اسے اپنے کلمہ تمجید سے بھیجا ہے۔وہ سخت ذہین و فہیم ہوگا اور دل کا حلیم اور علوم ظاہری و باطنی سے پر کیا جائے گا۔اور وہ تین کو چار کرنے والا ہو گا (اس کے معنے سمجھ میں نہیں آئے )۔