سلسلہ احمدیہ — Page 416
اراضیات خریدی جا چکی ہیں۔چونکہ یہ سودا قیمت کی بالا قساط ادائیگی کے اصول پر ہوا ہے اور ساتھ ساتھ زمین آمد بھی دے رہی ہے اس لئے تھوڑی رقم خرچ کر کے زیادہ مالیت کی جائداد حاصل کی جاسکی ہے اور مزید حاصل کرنے کی کوشش ہے اور امید ہے کہ جب ان اراضیات کی ساری قیمت بے باق ہو جائے گی تو ان کی آمد سلسلہ کی موجد اور عام تبلیغی ضروریات کے لئے بڑی حد تک کافی ہو سکے گی۔اسی ضمن میں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حضرت خلیفتہ اسیح کی پُر زور اپیل کے جواب میں جماعت احمدیہ نے باوجود بہت سے مالی بوجھوں کے اس اخلاص اور اس قربانی کے ساتھ تحریک جدید کے چندوں میں حصہ لیا ہے کہ جس کی نظیر کسی دوسری جگہ نظر نہیں آتی۔(۳) تحریک جدید کے نئے قائم شدہ میعادی امانت فنڈ کے ذریعہ سے مرکز کے ماحول میں غیر معمولی نفوذ حاصل کر لیا گیا ہے اور کیا جا رہا ہے جس کی تفصیل کی اس جگہ ضرورت نہیں۔اس کے علاوہ جماعت کے پریس میں بھی قابل قدراضافہ ہوا ہے اور تحریک جدید کا انگریزی اخبارسن رائز انگریزی خوان ممالک میں بہت اچھی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔مگر سب سے بڑی بات یہ ہے کہ احمدیت کی پرانی شراب نے تحریک جدید کے نئے برتن میں آکر جماعت احمدیہ میں ایک غیر معمولی بیداری اور فرض شناسی اور جانفشانی کی روح پیدا کر دی ہے۔اور خدا کے برگزیدہ مسیح کی فوج اپنے اولوالعزم خلیفہ کی کمان میں کمر ہمت کو کس کر اور اپنے سامنے اور گردو پیش کے خطرات پر نگاہ رکھتے ہوئے بڑی سرعت اور تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور چونکہ ابھی تک ہم تحریک جدید کے پروگرام کے صرف ابتدائی حصہ میں ہیں اس لئے خدا سے امید کی جاتی ہے کہ اس نئے دور کے انجام تک اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کے لئے غیر معمولی ترقی کے راستے کھول دے گا۔