سوانح فضل عمر (جلد پنجم) — Page 8
8 بلکہ تقویٰ کو قائم رکھنے اور ترقی دینے کے علاوہ اور بھی بہت سے فوائد رکھتا ہے۔ایک سے زیادہ بیویوں میں پوری طرح انصاف اور ان کے حقوق کی کماحقہ ادائیگی اور اولاد کی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی ادا کرتے ہوئے دیکھ کر یہی پتہ چلتا ہے کہ آپ بہترین شوہر اور بہت محبت کرنے والے والد تھے۔آپ کی اولاد میں سے وہ بچے جن کی والدہ فوت ہو چکی تھی وہ آپ کی توجہ اور محبت دوسروں کی نسبت زیادہ حاصل کرتے اور یہ بات بھی آپ کی خصوصیات میں ہی شامل ہے کہ اپنی غیر معمولی مصروفیات میں سے ان کاموں کے لئے بھی وقت نکالتے اور گھر میں بچوں کے ساتھ کھیلتے ، انہیں کہانیاں اور لطائف سناتے ، ان کی دلچسپیوں کا خیال رکھتے اور ساتھ ہی ساتھ ان کی تعلیم و تربیت کا بھی پورا خیال رکھتے۔آپ کے محسن انتظام اور حسن تربیت کا ہی کمال ہے کہ آپ کی بیویوں میں کہیں رقابت وحسد نظر نہیں آتا بلکہ اس کے بر عکس باہم مل کر گھر یلو اور جماعتی کام کرنے کی اچھی مثالیں بہت عام ہیں۔آپ نے زندگی وقف کرنے کی تحریک فرمائی تو پڑھے لکھے برسر روزگار نوجوان اپنے استعفے پیش کر کے آپ کی خدمت میں حاضر ہو گئے ، ماؤں نے اپنے اکلوتے ہونہار بچے خدمت دین کے لئے پیش کر دئیے۔اگر کسی نوجوان کو کسی اہم جماعتی کام پر مامور کیا گیا تو اس نے اپنی خوش بختی و سعادت سمجھتے ہوئے بغیر کسی معاوضہ ومطالبہ کے اس مشن کو پورا کیا اور اس کے مقابلہ میں آپ کو جماعت سے جو تعلق تھا وہ دیکھ کر عقل محو حیرت ہو جاتی ہے۔افراد جماعت سے جو پیارا اور محبت اور ان کی بہتری کے لئے جو مسلسل کوشش آپ نے فرمائی اس کی مثال کوئی باپ بھی اپنی اولاد کے لئے پیش نہیں کر سکتا۔جماعت کے لوگ آرام کرتے اور سوتے مگر یہ بیدار مغز و چوکس را ہنما ان کی بہتری کے لئے خدا کے آگے سجدہ ریز ہوتا ،نئی نئی سکیمیں پیش کرتا ، ہر احمدی کی خوشی کو اپنی خوشی اور اس کے دُکھ کو اپنا دکھ سمجھتا۔یہاں یہ بیان کرنا بھی مناسب رہے گا کہ آپ دن رات مسلسل محنت پر یقین رکھتے تھے آپ کے ساتھ کام کرنے والے آپ کی قوتِ عمل سے حیران رہ جاتے تھے۔سارے دن کی طویل مصروفیت کے بعد دن بھر کے کاموں کی رپورٹ اور دوسری ڈاک دیکھنے کا کام شروع ہو جاتا۔روزانہ ڈاک میں آپ کو سینکڑوں خطوط ملتے جن میں گھر یلو معاملات کے متعلق مشورے طلب کئے جاتے علمی وعملی مشکلات میں راہنمائی حاصل کی جاتی ، غرضیکہ افراد جماعت آپ کو اپنے وسیع کنبہ کا سر براہ سمجھتے ہوئے ہر بات آپ کے علم میں لانا موجب برکت گردانتے۔بچوں کا نام رکھوانے کے لئے ، کاروبار شروع کرتے ہوئے بلکہ باہر سفر پر جاتے ہوئے آپ کی خدمت میں خط لکھ کر برکت حاصل کی جاتی۔آپ کے خطوط