سیرت المہدی (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 492 of 833

سیرت المہدی (جلد اوّل) — Page 492

سیرت المہدی 492 حصہ سوم اس حصہ کی تیاری میں مجھے مولوی شریف احمد صاحب مولوی فاضل نے بہت امداد دی ہے جنہیں میں نے اسی غرض کے لئے اپنے ساتھ لگالیا تھا یعنی روایات کی نقل اور انتخاب کا کام زیادہ تر انہوں نے کیا ہے فَجَزَاهُ الله خيرًا مگر آخری نظر خود میں نے ڈالی ہے اور ایک ایک لفظ میری نظر سے گزرا ہے اور میں نے متعدد جگہ درستی کی ہے اور تشریحی نوٹ سب کے سب میرے اپنے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے حالات اور آپ کے الفاظ اپنے اندر وہ عظیم الشان روحانی اثر اور زندگی بخش جو ہر رکھتے ہیں کہ بعض صورتوں میں ایک روایت انسان کی کایا پلٹ دینے کے لئے کافی ہو سکتی ہے مگر یہ اثر زیادہ تر مطالعہ کرنے والے کی اپنی قلبی کیفیت اور پھر خدا کے فضل پر منحصر ہے۔پس میری یہ دُعا ہے کہ اللہ تعالی اس مجموعہ کو اس کے پڑھنے والوں کے لئے بابرکت کرے۔اس کی خوبیوں سے وہ متمتع ہوں اور اس کے نقصوں کی مضرت سے محفوظ رہیں اور اس سے وہ نیک غرض حاصل ہو جو میرے دل میں ہے بلکہ اس سے بھی بہتر اور اس سے بھی بڑھ کر۔اور خدا تعالیٰ اپنے فضل سے میری اس ناچیز خدمت کو میرے لئے فلاح دارین کا ذریعہ بناوے۔آمين اللهم آمين۔اس نوٹ کے ختم کرنے سے پہلے مجھے صرف اس قدر مزید عرض کرنا ہے کہ خدا کے فضل سے اس وقت میرے پاس سیرۃ المہدی کے حصہ چہارم کے لئے بھی کافی مواد موجود ہے۔اس حصہ میں انشاء اللہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بعض قدیم صحابہ کی روایات ہوں گی جن میں سے مکرم منشی ظفر احمد صاحب کپورتھلوی خاص طور پر قابل ذکر ہیں جن کی بعض روایات نہایت ایمان پرور ہیں۔مگر ابھی تک اس حصہ کی تکمیل باقی ہے اور تشریحی نوٹ اور نظر ثانی کا کام بھی رہتا ہے۔دوست دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مجھے حصہ چہارم کی اشاعت کی بھی جلد توفیق عطا کرے کیونکہ زندگی تھوڑی ہے اور کام بہت۔اور کام کی توفیق بھی خدا کے فضل پر موقوف ہے اور ہمارے ہر کام میں وہی سہارا ہے۔خاکسار راقم آثم مرزا بشیر احمد قادیان مورخه ۳/ فروری ۱۹۳۹ء